• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی طلباء تنظیم کی جانب سے تقریب

قومیں اپنی ثقافت کو اجاگر کر کے ہی کامیابیوں اور ترقی کی طرف بڑھتی ہیں ،یہاں کوونٹری یونیورسٹی کی پاکستانی طلباء تنظیم ،پاکستان اور برطانیہ کی ترقی اور ایک دوسرے کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے کوششیں کرتی رہتی ہے۔اس حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا،جس میں طلبہ تنظیم کی صدر مس مامون حسین اور محمد داؤد نے کہا کہ آج کی تقریب کے انعقاد سے وطن کی بہت یاد آئی، بلکہ ہم خودکو اپنی سوہنی دھرتی کے قریب محسوس کررہے ہیں،ہر طالب علم چہک رہا ہے، کیونکہ وہ اپنے ملک پاکستان کے لیے آج اکھٹے ہوئے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت کو چاہیے کہ وہ برطانیہ ویورپ کی یونیورسٹیز میں موجود طلباء یونین کے ساتھ تعاون کرے، سفارت کار باقاعدہ دورہ کریں اور طلباء کے ساتھ مل کر پاکستان کی ثقافت اجاگر کریں کیونکہ موجودہ حالات میں اپنا پاکستانی کلچر اور پاکستان کا امیج بہتر کرنا انتہائی ضروری ہے جبکہ دوسرے ممالک یہ کام کر رہے ہیں صرف پاکستان پیچھے ہے ،ہمیں اپنے ملک پاکستان کے لیے کام کرنا ہو گا ۔قوالی نائٹ میں معروف قوال حاجی امیر خان نے اپنےمخصوص انداز میں قوالی گا کر نوجوانوں میں وجد کی سی کیفیت طاری کر دی، طلباء دھمال ڈالنے پر مجبور ہوگئے۔

طلباء کا کہنا تھا کہ ایسی تقاریب وقت کی ضرورت ہیں، ان سے ذہنی تازگی ملتی ہے اور اپنا کلچر اجاگر ہوتا ہے۔ ہمارے نوجوان غیر ضروری سرگرمیوں کی بجائےصحت مند سرگرمیوں کی طرف توجہ دیں، ایسی سرگرمیوں سے ہم اپنا کردار بلند کر سکتے ہیں ،ہم دیار غیر میں اپنے ملک کے سفیر ہیں۔ ایک طالب علم مصدق حسین نے کہا کہ وہ آئندہ ایسے پروگرام کرتے رہیں گے تاکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جاسکے اور پاکستان کا امیج بھی بہتر کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے تمام طلباء کو چاہئے کہ وہ متحد ہوں اور آپس میں اتفاق کو فروغ دیں تاکہ ہم سب ایک مضبوط کمیونٹی بن کر ابھریں اور اپنے ملک کا نام بلند کریں ۔

تازہ ترین