کراچی کے بڑے کاروباری مرکز صدر کی مصروف شاہراہ زیب النساء اسٹریٹ پر واقع ایک عمارت میں آگ لگ گئی، فائر بریگیڈ کی 4 گاڑیوں نے آگ کو بجھا دیا، آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق زیب النساء اسٹریٹ پر واقع 6 منزلہ عمارت کی سب سے اوپر والی منزل پر اچانک آگ بھڑک اٹھی۔
آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ عمارت میں دھواں بھرنے لگا، ابتدائی طور پر فائر بریگیڈ کے 2 فائر ٹینڈر پہنچے تاہم بعد میں اسنارکل بھی پہنچ گئی۔
متاثرہ عمارت میں متعدد کپڑے کی دکانیں اور کارخانے بھی ہیں، آگ کے باعث کچھ افراد عمارت میں پھنس گئے جنہیں نکال لیا گیا، فائر فائٹرز نے 2 گھنٹے کے بعد آگ پر قابو پالیا۔
یہ بھی پڑھیئے: کراچی، صدر میں اسپیکرز کے گودام میں آتشزدگی
پولیس کے مطابق آگ عمارت کی وائر ڈکٹ میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی جس نے کچھ دکانوں کو بھی نقصان پہنچایا تاہم فائر فائٹرز نے آگ کو مزید پھیلنے سے روکا اور آگ کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔