• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغان الیکشن کمیشن نے رواں برس ہونے والے صدارتی انتخابات کے نتائج کا اعلان کر دیا، جس کے مطابق اشرف غنی دوسری بار افغانستان کے صدر کا انتخاب جیت گئے۔

نتیجے کے مطابق اشرف غنی نے ڈالے گئے ووٹوں میں سے 50 اعشاریہ 6 فیصد ووٹ حاصل کیے۔

ان کے بعد دوسرے نمبر پر ڈاکٹر عبد اللّٰہ عبداللّٰہ رہے جنہوں نے 39 اعشاریہ 52 فیصد ووٹ اپنے نام کیے۔

افغانستان میں صدارتی انتخابات کے نتائج میں تاخیر پر اپوزیشن نے کئی مواقع پر احتجاج بھی کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق رواں برس 28 ستمبر کو افغانستان بھر میں صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ ہوئی تھی جس کے ابتدائی نتائج کا اعلان اب کیا گیا ہے۔

افغانستان کے قوانین کے مطابق کسی بھی امیدوار کو حتمی نتائج سے پہلے کسی بھی قسم کی شکایت یا درخواست دائر کرنے کا حق حاصل ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: انتخابات کے کامیاب انعقاد پر افغان صدر کا اظہارِ تشکر

افغان الیکشن کمیشن نے یہ بھی کہا ہے کہ یہ حتمی سرکاری نتائج نہیں ہیں اور اشرف غنی کے انتخابی مخالفین اگر چاہیں تو وہ ان ابتدائی نتائج کو چیلنج کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ افغانستان کے گزشتہ انتخابات میں بھی دھاندلی کے الزامات سامنے آئے تھے، صدارتی امیدوار عبداللّٰہ عبداللّٰہ نے نتائج ماننے سے انکار کر دیا تھا تاہم عالمی قوتوں نے دونوں کے درمیان شراکت اقتدار کا معاہدہ کرایا تھا جس کے تحت اشرف غنی صدر بنے تھے جب کہ عبداللّٰہ عبداللّٰہ کو چیف ایگزیکٹیو کا عہدہ تفویض کیا گیا تھا۔

تازہ ترین