• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روحانی کا بھی بدلہ لینے کا عزم، عالمی رہنماؤں کی مذمت

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای کے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ لینے کے اعلان کے بعد ایران کے صدر حسن روحانی نے بھی انتقام لینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

بغداد میں امریکی راکٹ حملے اور اس کے نتیجے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی سمیت 5 افراد کے جاں بحق ہونے پر ایرانی صدر حسن روحانی نے ایک بیان میں اپنے ردِ عمل میں غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

جنرل سلیمانی کے قتل کا بدلہ لیا جائے گا: خامنہ ای


انہوں نے کہا ہے کہ ایران اور خطے کی آزاد قومیں جنرل قاسمی سلیمانی کے قتل کا بدلہ لیں گی، قاسم سلیمانی کی شہادت امریکی جارحیت کے خلاف مزاحمت کے جذبے کو بڑھائے گی۔

دوسری جانب ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت پر ایرانی وزارتِ خارجہ میں سوئس ناظم الامور کو طلب کیا گیا اور ان سے امریکی اقدام پر شدید مذمت کی گئی۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ سلیمانی کا قتل امریکا کی کھلی ریاستی دہشت گردی ہے، امریکا قاسم سلیمانی کے قتل کے نتائج کا ذمے دار ہوگا۔

عراقی وزیرِ اعظم عادل عبدالمہدی نے امریکی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے جارحیت قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: جنرل سلیمانی کے قتل کا بدلہ لیا جائے گا: خامنہ ای

عراقی ملیشیا لیڈر و سیاستدان مقتدیٰ الصدر نے اس واقعے کے بعد مہدی آرمی دوبارہ فعال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے فائٹرز کو تیار رہنے کا حکم دے دیا ہے۔

شام نے کہا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی کا قتل امریکا کا بزدلانہ اقدام ہے۔

فلسطینی تنظیم حماس کے ترجمان نے جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ امریکا خطے میں امن و استحکام کے سوا امکانات کے تمام کے دروازے کھول دیے ہیں۔

چین نے متعلقہ فریقین بالخصوص امریکا سے کشیدگی سے بچنے کے لیے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔

روس کا کہنا ہے کہ عراق میں ایرانی جنرل کی ہلاکت سے کشیدگی میں اضافہ ہوگا۔

واضح رہے کہ آج صبح عراق کے بغداد ایئر پورٹ پر امریکی راکٹ حملے میں ایران کی القدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی اور عراق کی پاپولر موبائلائزیشن فورس کے ڈپٹی کمانڈر ابومہدی المہندس سمیت 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیئے: امریکی سفارتخانے پر حملے سے ایران کا تعلق نہیں، خامنہ ای

امریکی فورسز نے ایرانی جنرل سلیمانی کے بغداد ایئر پورٹ پر اترتے ہی امریکی فوج کی جانب سے راکٹ حملہ کر کے انہیں نشانہ بنایا تھا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سینیٹر لنزے گراہم نے بھی جنرل سلیمانی پر حملے کی تصدیق کی ہے۔

ایران کے پاسداران انقلاب اور امریکی دفاعی ادارے پینٹاگون نے بھی ایرانی میجر جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔

پینٹاگون کا کہنا ہے کہ میجر جنرل قاسم سلیمانی کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم کے مطابق نشانہ بنایا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا انتقام لینے اور واقعے پر 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

تازہ ترین