• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عراق، ایک اور امریکی حملہ، مزید 6 افراد جاں بحق

عراق، ایک اور امریکی حملہ، مزید 6 افراد جاں بحق



عراق میں امریکا نے ایک اور فضائی حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں مزید 6 افراد جاں بحق اور 3 شدید زخمی ہو گئے، حملہ اب سے کچھ دیر پہلے کیا گیا۔

عراقی حکام نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ حملے میں داعش کے خلاف سرگرم تنظیم الحشد الشعبي Hashed al-Shaabi (پاپولر موبائلائزیشن فورس) کے ایک اور کمانڈر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

عراقی دارالحکومت بغداد کے شمال میں تاجی روڈ پر کیے گئے حملے میں الحشد الشعبی کی 2 گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ادھر الحشد الشعبی کا کہنا ہے کہ فضائی حملے میں طبی عملے کو نشانہ بنایا گیا ہے، پیرا ملٹری فورس کے کمانڈر کو نشانہ بنانے کی خبریں درست نہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: جنرل سلیمانی کے قتل کا بدلہ لیا جائے گا: خامنہ ای

واضح رہے کہ گزشتہ روز صبح سویرے عراق میں بغداد ایئر پورٹ پر امریکی راکٹ حملے میں ایران کی القدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی اور عراق کی الحشد الشعبی (پاپولر موبائلائزیشن فورس) کے ڈپٹی کمانڈر ابومہدی المہندس سمیت 5 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

امریکی فورسز نے ایرانی جنرل سلیمانی کے بغداد ایئر پورٹ پر اترتے ہی راکٹ حملہ کر کے انہیں نشانہ بنایا تھا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، سینیٹر لنزے گراہم، ایران کے پاسدارانِ انقلاب اور امریکی دفاعی ادارے پینٹاگون نے فوری طور پر اس حملے میں ایرانی میجر جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔

پینٹاگون کا کہنا تھا کہ میجر جنرل قاسم سلیمانی کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم کے مطابق نشانہ بنایا گیا۔

یہ بھی پڑھیئے: اسماعیل قانی قدس فورس کے نئے کمانڈر مقرر

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای اور ایران کے صدر حسن روحانی نے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا انتقام لینے کے عزم کا اظہار کیا تھا جبکہ ایرانی سپریم لیڈر نے واقعے پر ملک بھر میں 3 روزہ سوگ کا اعلان بھی کیا۔

تازہ ترین