پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ کے علاقے کچی لعل میں مخالفین نے معمولی رنجش پر مبینہ طور پر 80 سالہ بزرگ پر کتے چھوڑ دیئے۔
متعلقہ تھانے میں واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، تاہم ملزمان کو تاحال گرفتار نہیں کیا جا سکا۔
مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور کے علاقے کچی لعل میں معمولی تنازع پر 80 سالہ بزرگ عبدالکریم بلیلی پر مخالفین نے مبینہ طور پر کتوں سے حملہ کیا۔
متاثرہ بزرگ کو زخمی حالت میں دیہی مرکزِ صحت سیت پور منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ بزرگ عبدالکریم کی درخواست پر ملزم محمد نواز بلیلی کے خلاف تھانہ سیت پور میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے تاہم ابھی تک ملزم کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔
یہ بھی پڑھیئے: چنیوٹ، بااثر زمیندار نے غریب کسان پر کتے چھوڑ دیئے
پولیس ترجمان وسیم خان گوپانگ کے مطابق مفرور ملزم محمد نواز بلیلی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور اسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔