• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میزائل حملے میں کسی کو ہلاک کرنا نہیں چاہتے تھے: ایرانی جنرل

ایران کے بریگیڈئیر جنرل عامر علی حاجی زادہ نے تسلیم کیا ہے کہ میزائل حملے میں ایران کسی کو ہلاک کرنا نہیں چاہتا تھا، ہدف صرف امریکا کی فوجی مشین تھی۔

ایک بیان میں ایرانی جنرل حاجی زادہ نے کہا ہے کہ جنرل سلیمانی کے قتل کے جواب میں کیے گئے حملے میں ایران لوگوں کو ہلاک کرنا نہیں چاہتا تھا، اس کا ہدف صرف امریکا کی فوجی مشین تھی۔

انہوں نے خبردار کیا کہ امریکا نے دوبارہ غلطی کی تو خطےمیں امریکا اور اس کے اتحادیوں کی 104 پوزیشنز نشانہ بنائی جائیں گی۔

ایران کے صدر حسن روحانی کی بورس جانسن سے گفتگو


ادھر ایران کے صدر حسن روحانی نے برطانیہ کے وزیرِ اعظم بورس جانسن سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی نے برطانیہ سمیت یورپ کو داعش سے محفوظ بنایا تھا۔

یہ بھی پڑھیئے: یوکرائن کے طیارے پر مبینہ میزائل حملے کی ویڈیو

اس موقع پر انہوں نے برطانوی وزیرِ اعظم پر واضح کیا کہ ایران نیوکلیئر ڈیل پر آئی اے ای اے کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔

حسن روحانی نے کہا کہ اگرجنرل سلیمانی نے داعش کو شکست نہ دی ہوتی تو لندن میں آپ تحفظ کا مزہ نہ لے سکتے تھے۔

یورپی کونسل کے صدر سے بات چیت میں حسن روحانی نے کہا کہ امریکا کی جانب سے دواؤں اور غذائی اجناس پر پابندیاں لگایا جانا معاشی دہشت گردی ہے اور یورپ اس معاملے پر امریکا سے آزاد پالیسی اپنائے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نیوکلیئر ڈیل مضبوط بنانے کے لیے یورپ، چین اور روس کو مل کر اقدام کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیئے: امریکا کیخلاف آپریشن درست تھا، ایرانی مندوب

دوسری جانب پاسدارانِ انقلاب کے نئے کمانڈر اسماعیل قاآنی نے کہا ہے کہ جنرل سلیمانی کے جنازے میں لوگوں کا سیلاب امڈ آنا عالمی تکبر کے خلاف مزاحمتی محاذ کے حق میں ریفرنڈم ہے۔

تازہ ترین