• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کچرے کے انتظامات کے حوالے سے ہم پاکستان کی مدد کرسکتے ہیں، جمہوریہ چیک

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) جمہوریہ چیک کے سفیر ٹامس سمیٹنکا نے کہا ہے کہ واٹر مینجمنٹ،واٹر پیوری فیکیشن، ماحولیاتی ٹیکنالوجیز، گرین ٹیکنالوجیز اور کچرے کے انتظامات کے حوالے سے ہم پاکستان کی مدد کرسکتے ہیں ،چیک سفیر نےیقین دہانی کروائی ہے کہ چیک سفارتخانہ چیک تاجروں، سرمایہ کاروں اور کوئی بھی شخص جو پاکستان کی مارکیٹ میں ذرابھی دلچسپی رکھتا ہے ان سب تک پاکستان کے بارے میں درست اور مستند معلومات پہنچانے کے سلسلے میں کوششیں کرے گا تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت وسرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دیا جاسکے۔ ہمیں پاکستان کے بارے میں محدود معلومات صرف دنیا بھر کی پریس کے ذریعے ہی مل پاتی ہے جس کی وجہ سے جمہوریہ چیک میں لوگوں اور سرمایہ کاروں کو یہ معلوم ہی نہیں کہ پاکستان کتنا محفوظ ہے یا غیر محفوظ ہے۔ہماری یہ ارادہ ہے کہ قابل اعتماد اور زیادہ سے زیادہ درست معلومات فراہم کی جائے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر کیا۔کے سی سی آئی کے صدر آغا شہاب احمد خان، ارشد اسلام، شاہد اسماعیل، احمد انصاری اور کے سی سی آئی کی منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی اجلاس میں شریک تھے۔

تازہ ترین