• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی بیچ ویو پر سجا ’ ایٹ فیسٹول 2020‘ اختتام پذیر


مزیدار پکوانوں کی امڈتی خوشبوؤں سے سجا ’کراچی ایٹ فیسٹیول‘ اپنی رنگینیوں اور خوشبوؤں کے ساتھ اختتام پزیر ہوا جس میں شہری مزے مزے کے کھانوں اورموسیقی سے لطف اندوز ہوئے۔

کھانوں کے شوقين افراد کے لیے رنگ برنگے کراچی ایٹ فیسٹول کا ساتواں ایڈیشن 10 جنوری سے 12 جنوری تک سی ویو کے بیچ ویو پارک میں سجا جس میں شرکت کرنے والوں کا پیٹ تو بھر ا مگر جی نا بھرا۔

ساحل سے آتی یخ بستہ ہوا اور بے حد خنک موسم بھی شہریوں کا کچھ نہیں بگاڑ سکا اور عوام کی بڑی تعداد نے اس فیسٹیول کو کامیاب بنانے کے لیے اپنا حصہ ڈالا۔

کراچی ایٹ فیسٹول کا یہ ایڈیشن گزشتہ سالوں کے مقابلے میں بہت قد آور نظر آیا۔ مختلف ذائقوں، رنگوں اور انواع و اقسام کے کھانوں کا صحیح امتزاج، نسبتاً صاف کوکنگ، اچھے انتظامات، سیکیورٹی، صفائی ستھرائی نے اسے کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

کراچی ایٹ فیسٹیول میں آنے والے شہریوں کو اس سال 100 سے زیادہ کھانے پیش کئے گئے۔ فیسٹول کے شرکاء دیسی کھانوں کے ساتھ ساتھ تھائی، میکسیکن، چینی، جاپانی، پارسی، سری لنکن اور ساؤتھ انڈین کھانوں سے بھی لطف اندوز ہوئے۔

نئے نئے ذائقوں سے عوام کو روشناس کرانے والے اس فیسٹیول میں دیسی، چائنیزاور مختلف اقسام کے فرینچ فرائز اور ڈیزرٹ بھی شامل تھے۔

فیسٹول میں بچوں کی تفریح کے لیے بھی خاص انتظام کیا گیا تھا۔ جہاں بچوں نے خوب انجوائے کیا تو وہیں بڑوں کے لیے لائیو میوزک کنسرٹ کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں پاکستان کے مشہور و معروف میوزکل بینڈز نے  اپنی آواز کا جادو جگایا۔

زوئی ویکاجی، میوزک بینڈ سہارا یوکے، جوش بینڈ سمیت دیگر نے میوزک کا تڑکا لگایا اور فیسٹول کو رونق بخشی۔

’کراچی ایٹ فیسٹول‘، آپ نےمس تو نہیں کر دیا؟
فیسٹول میں شوبز ستاروں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی

جو اس فیسٹول میں جانے سے محروم رہا اس نے تازہ دم کردینے والے ماحول، لذیذ کھانوں سے اُٹھتی مزیدار خوشبوؤں، میوزک کنسرٹس، ہنستے مسکراتے چہروں کے نظاروں اور سمندری ہوا کے جھونکوں سے خود کو محروم رکھا۔

تازہ ترین