• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی تصویر کو غلط سیاسی رنگ دیا گیا، حسین نواز

نواز شریف کی تصویر کو غلط سیاسی رنگ دیا گیا، حسین نواز


سابق وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف خاندان کے اصرار پر گزشتہ روز گھر سے ہوا خوری کےلیے نکلے تھے۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو میں حسین نواز نے کہاکہ خاندان کے ہمراہ بنی نواز شریف کی تصویر کو غلط سیاسی رنگ دیا جارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ نوازشریف کو ہیماٹولوجسٹ نے تاکید کی ہے کہ دل کے علاج سے پہلے مشاورت کی جائے۔

سابق وزیراعظم کے صاحبزادے نے یہ بھی کہاکہ ایک ہفتے میں نوازشریف کا کارڈئیک پروسیجر متوقع ہے۔

اس سے قبل یہ اطلاع بھی آئی تھی کہ لندن میں زیر علاج سابق وزیراعظم نواز شریف کو ڈاکٹروں نے گھر سے نکلنے اور چہل قدمی کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

نوازشریف لندن کے مقامی ریسٹورنٹ میں خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ شام کا کھانا کھانے گئے تھے۔

ان کے ساتھ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر کے مشورے کے بعد لندن کے ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائر ل ہوگئیں۔

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے طنزیہ بیان کے ساتھ تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی۔

انہوں نے لکھا کہ یہ لندن کے اسپتال کا انتہائی نگہداشت کا یونٹ اور اس میں ہونے والی ملاقات کا منظر ہے۔

فواد چوہدری نے طنزیہ انداز میں مزید لکھا کہ کھاؤ، پیو بیماری کا انتہائی انہماک سے علاج جاری ہے، سارے مریض بہتر محسوس کررہے ہیں۔

دوسر ی طرف حکومت پنجاب بھی ان تصاویر کے منظر عام پر آنے کے بعد حرکت میں آگئی ہے اور وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان سے رابطہ کیا ہے۔

انہوں نے نواز شریف کے ذاتی معالج سے سابق وزیراعظم کے علاج کی تفصیلات طلب کرلی ہیں اور کہا کہ مریض کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹس حکومت پنجاب کو بھجوائی جائیں۔

تازہ ترین