• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وکیل فاروقی کی یاد میں آرٹس کانسل میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد

فنکار کی عزت نفس کو بحال کرنا بے حد ضروری ہے۔ ادارے جب اجڑتے ہیں تو وہاں کے لوگوں میں شکست کے رنگ دکھائی دینے لگ جاتے ہیں۔ایسا ساتھی جس سے روز ملنا ہو بچھڑ جائے ،دکھ تو ضرور ہوتا ہے وکیل فاروقی بھی ہمارا ایسا ہی ساتھی تھا۔

ان خیالات کا اظہار آرٹس کونسل پاکستان کراچی کے صدر احمد شاہ نے مرحوم اداکار و ہدایت کار وکیل فاروقی کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احمد شاہ کا کہنا تھا کہ میرا وکیل فاروقی سے دل کا رشتہ تھا، وہ بہت محبت کرنے والے انسان تھے۔

ان سے میرا تعلق چالیس سال پرانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وکیل فاروقی اپنے کام سے بے حد محبت کیا کرتے تھے۔ وکیل فاروقی کے تعزیتی ریفرنس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد شریک تھی جن میں ان کے اہل خانہ سمیت عزیز و اقارب اور فنکار برادری شامل تھی۔اس موقع پر کراچی آرٹس کو نسل کی گورننگ باڈی کے اراکین بھی موجود تھے۔

وکیل فاروقی کی کچھ یادیں تازہ کرتے ہوئے اداکار شہزاد رضا کا کہنا تھا کہ وکیل فاروقی محبت کرنے والے بہت پیارے انسان تھے لوگ ان سے بہت محبت کرتے تھے۔ سینئیر اداکار اور کراچی آرٹس کونسل کی گورننگ باڈی کے رکن طلعت حسین نے کہا کہ وکیل فاروقی میرا جونئیر تھا۔ جو وقت ہم نے ساتھ گزارا اس میں وکیل فاروقی کو اپنے کام سے ہمیشہ محبت کرتے دیکھا۔

ان کے ساتھی اداکار تسنیم رعنا کا کہنا تھا کہ وکیل فاروقی بولڈ اداکار تھے دعا ہے کہ اللہ ان کے درجات بلند کرے۔اداکار اسلم شیخ کا کہنا تھا کہ وکیل فاروقی کے جوجی کے کردار نے ان کو وہ پہچان دی جو ہر کسی کو نصیب نہیں ہوتی۔ اداکار روف لالہ نے کہا کہ میں وکیل فاروقی کو کہا کرتا تھا کہ وہ آرٹس کونسل کی چابی ہیں۔

انہوں نے مجھے اپنی فلم میں اداکاری کرنے کی آفر بھی کی تھی۔ آرٹس کونسل کی گورننگ باڈی کے رکن اقبال لطیف کا کہنا تھا کہ بہت سے تھیٹر ہم نے مل کر کیے۔ وکیل فاروقی کے بہت سے خواب تھے جو وہ پورا کرنا چاہتے تھے۔

کاشف گرامی نے وکیل فاروقی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ جس رات ان کا انتقال ہوا، اسی دن ان سے آ خری ملاقات ہوئی وہ اپنی طرز کے زندہ دل انسان تھے جو چالیس سے زائد ملکوں کا سفر کر چکے تھے۔

اس موقع پر ڈاکٹر ہما میر نے کہا کہ بچپن میں جب پی ٹی وی جایا کرتی تھی وکیل فاروقی کو وہاں تب سے دیکھتی آئی ہوں وہ اپنے جونئیر فنکاروں کی مدد کیا کرتے تھے۔

اسجد بخاری کا کہنا تھا کہ ان کے انتقال کا ابھی تک یقین نہیں آیا۔اس موقع پر وکیل فاروقی کی ہمشیرہ دانشمند آپا اور ان کے بھائی قیصر فاروقی نے بھی وکیل فاروقی کی یادیں تازہ کیں اور ان کے تعزیتی ریفرنس کے انعقاد پر کراچی آرٹس  کونسل کا شکریہ ادا کیا۔

تازہ ترین