• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

لاہور ہائیکورٹ، ECL سے نام نکالنے کیلئے مریم کی درخواست، حکومت کو نوٹس

لاہور ہائیکورٹ، ECL سے نام نکالنے کیلئے مریم کی درخواست، حکومت کو نوٹس


لاہور (نمائندہ جنگ) لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کر دئیے اور حکومت سے7 دنوں میں تحریری جواب مانگ لیا ۔

عدالت نے وفاقی حکومت کو ہدایت کی کہ عدالت کو بتایا جائے کہ حکومت نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر کیا پیش رفت کی ہے ۔مریم نواز کی درخواست پر عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 21 جنوری تک ملتوی کر دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نےمریم نواز کی درخواست پر سماعت کی ،مریم نواز کی درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ والدہ کو کھو چکی ہوں، والد بستر مرگ پر ہیں۔

والد کو اب کھونا نہیں چاہتی، نیب کیسز کے دوران والدہ کو کھویا، نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا میمورنڈم اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں کی بھی خلاف ورزی ہے۔والد کی دیکھ بھال کیلئے بیرون ملک جانا چاہتی ہوں۔

درخواست کے حتمی فیصلے تک 6 ہفتوں کیلئے ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے، نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا 20 اگست 2018 کا حکم غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دے کر کالعدم کیا جائے۔

وکلا نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ مریم نواز کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے معاملے پر وفاقی حکومت کو7 دن میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی لیکن اب4ہفتے گزرنے کے بعد اچانک وفاقی حکومت کی چٹھی ملی ہے جس میں مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے انکار کر دیا گیا ہے۔

2 رکنی بنچ نے باور کرایا کہ ابھی نیب کا موقف بھی سننا ہے ۔ عدالت نے وفاقی حکومت سے ای سی ایل سے نام نکالنے پر فیصلہ کرنے میں تاخیر کی وجوہات بھی طلب کرلی ہیں۔

تازہ ترین