• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی پارٹیاں ملک سے باہر سیاسی سرگرمیاں اور دفاتر بند کر یں،مقررین

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )علامہ اقبال کونسل اسلام آبا دکے زیر اہتمام سیمینار میں اظہار خیال کرتے ہوئے مقررین نے واضح طور پر کہاہے کہ پاکستان کی سیاسی پارٹیاں ملک کے اندر سیاست کریں مگر ملک سے باہر سیاسی سرگرمیاں اور دفاتر بند کر دیں کیونکہ یہ ایک گندا اور خطر ناک کھیل ہے ، اس سے اوورسیز پاکستان تقسیم ہوتے ہیں، وہ متحدرہ کروطن عزیز کیلئے بہتر خدمات سر انجام دے سکتے ہیں ، آئین کا احترام نہ کیا گیا تو ملک میں سماجی تحریک چلے گی ، مقررین نے کہا کہ ملک کو زیادہ نقصان آمریتوں کے دور میں پہنچا، سویلین بالادستی کیلئے سیاسی قیادت میں بے داغ کر دار قابلیت اور جرات کی ضرورت ہے ، سیمینار میں معروف سفارتکاروں ، سیاسی ر ہنمائوں ،صاحبان علم و دانش اور سابق بیور و کریٹس نے بڑی تعداد میں شرکت کی، سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینئر ر ہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آئین کا احترام نہ کیا گیا تو پھر ملک میں ایک سماجی تحریک چلے گی جو انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہو گی ، پاکستانی سیاست ملکی حدود کے اندر رہنی چاہئے اور ادارے آئینی حدود میں رہ کر کام کریں ،جسٹس (ر) علی نواز چوہان نے کہا کہ ریاست اور شہریوں کا رشتہ اعتماد پر قائم رہتا ہے یہ رشتہ کمزور ہو جائے تو ریاست کمزور ہو جاتی ہے ،مسلم لیگ (ن) کے ر ہنما ڈاکٹر نثار احمد چیمہ ایم این اے نے کہا کہ ڈکٹیٹر شپ کے دور میں ملک میں بڑے سانحے رونما ہوئے جس میں سقوط مشرقی پاکستان ، ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی اور کارگل کا مس ایڈوینچر بھی شامل ہے ، سیاسی پارٹیوں میں کردار اور قابلیت کا معیار بلند کرنے کی ضرورت ہے ، سابق سیکرٹری خارجہ ریاض کھوکھر نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی پارٹیوں نے بیرون ملک جو اپنی شاخیں اور دفاتر کھول رکھے ہیں یہ ایک گند اکھیل ہے یہ ملک کیلئے نقصان دہ ہے اسے فوراً بند ہونا چاہئے ۔
تازہ ترین