• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میڈیا پر آٹے سے متعلق منفی پروپیگنڈا چل رہا ہے، فردوس

وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ میڈیا پر آٹا سپلائی سے متعلق منفی پروپیگنڈا چل رہا ہے۔

سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم کی معاونِ خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سندھ نے بروقت گندم کی خریداری نہیں کی، سندھ حکومت کی کوتاہی کے باعث ان کے ذخیرے میں کمی پیدا ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کو 4 لاکھ ٹن گندم فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، جو اس اسٹاک سے ایک لاکھ ٹن گندم اٹھا چکا ہے، البتہ سندھ حکومت گندم کو آٹا ملز تک پہنچانے میں ناکام رہی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پنجاب بھر میں جہاں مہنگا آٹا بک رہا ہے وہاں حکومت نے کریک ڈاؤن کیا ہے، حکومت نے 6 اضلاع میں ذمے داروں کو معطل اور برطرف کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: میڈیا پر آٹے سے متعلق منفی پروپیگنڈا چل رہا ہے، فردوس

انہوں نے کہا کہ پورے پنجاب میں آٹا 805 روپے سے زیادہ فروخت نہیں ہو سکتا مافیا کا نیٹ ورک ختم کرنے کے لیے ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے۔

معاونِ خصوصی نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے میں گندم کی سپلائی کو تیز کرے، مافیا مارکیٹ سے عوام کی ضرورت کی اشیائے خورد و نوش اٹھا کر ذخیرہ کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوز اور منافع خور سن لیں کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ انہیں نہیں چھوڑیں گے، یوٹیلیٹی اسٹورز پر بھی اگر سستی اشیاء موجود نہیں تو حکومت کو آگاہ کیا جائے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ واویلہ کیا جا رہا ہے کہ حکومت اپنا وقت پورا نہیں کرے گی، دیوانے کا خواب دیکھنے والے سن لیں حکومت اتحادیوں کے ساتھ 5 سال پورے کرے گی۔

یہ بھی پڑھیئے: رانا ثناء ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں، فردوس عاشق

انہوں نے کہا کہ اس وقت عوامی خوش حالی کے لیے اتحادی اور حکومت ایک پیج پر ہیں، ایم کیو ایم سمیت تمام اتحادیوں سے بات جاری ہے اور اس حوالے سے جلد عوام کو خوش خبری دیں گے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کراچی کے لیے 162 ارب روپے کے معاشی پیکیج پر عمل درآمد شروع ہو چکا، پُرامن کراچی ملک کے معاشی اشاریوں کو مثبت بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ سندس فاؤنڈیشن کے ایک فوٹو شوٹ سے متعلق سوشل میڈیا پر منفی تبصرے کیے گئے، فیک نیوز انسانیت سے جُڑے مقاصد کو نقصان پہنچاتی ہے۔

عمران خان کی معاونِ خصوصی نے کہا کہ عثمان بزدار محنتی، ملنسار اور درویش صفت انسان ہیں، انہیں ٹارگٹ کرنے والے عمران خان کو ٹارگٹ کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: خالد مقبول نے حکومت کو استعفیٰ نہیں بھیجا، فردوس

انہوں نے مزید کہا کہ کچھ لوگ پنجاب میں مولا جٹ اور نوری نتھ کے عادی ہیں، عوام نے پنجاب میں حکمرانوں کی شکل میں سیاسی اداکار دیکھے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا کہ ماضی میں حکومت نے الیکشن کے لیے اصل قیمتوں کو چھپایا، موجودہ حکومت نے جو چیز جس قیمت میں ہے اسی قیمت میں مارکیٹ میں پیش کی۔

تازہ ترین