• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نے مہنگائی روکنے کیلئے اقدامات نہیں کیے، خالد مقبول

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت کو خراب معاشی صورتحال کے باوجود مہنگائی کو روکنے کے جو اقدامات کرنے چاہئیں تھے وہ نہیں کئے گئے، ہمارے مطالبات پر حکومت نے سنجیدہ قدم اٹھائے ہیں، کراچی سے دارلحکومت اسلام آباد لے جانے والوں نے پاکستان کو ملت اسلامیہ کیلئے ماڈل نہیں منڈی بنادیا،ہر شہری اور صوبے، شہر کو وفادار اور حق دار تسلیم کیا جائے تو ملک ترقی کر سکے گا۔ وہ اتوار کو انو بھائی پارک ناظم آباد میں بلدیہ وسطی اسپورٹس گالا کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا گزشتہ روز حکومتی وفد سے ملاقات میں سنجیدگی کا پہلو نمایاں نظر آیا تاہم امید ہے کہ ہمارے مطالبات پر مثبت اور تیزی سے پیش رفت ہوگی، کمیٹیوں کا کام ہوگیا ہے کمٹمنٹ کا کام باقی ہے،کراچی ملک کا چہرہ ہے،یہ ملک اصلی وارثوں کے ہاتھ میں آئیگا تو ملک ترقی کریگا، سندھ کے شہری علاقوں میں گیارہ سال سے معاشی دہشت گردی کی جارہی ہے، ہمارے مطالبات پر پیشرفت اذیت ناک حد تک سست تھی، پھر ہمیں احساس ہوا کہ حکومت کی جانب سے عدم سنجیدگی بھی ہے۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہمارے مطالبات پر پیشرفت اذیت ناک حد تک سست تھی، پھر ہمیں احساس ہوا کہ حکومت کی جانب سے عدم سنجیدگی بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ʼہمارے آئین میں بہت زیادہ ابہام ہیں جنہیں قصداً ایسا رکھا گیا تاکہ اپنی مرضی کی تشریح کرسکیں،سندھ کے شہری علاقے انصاف کے متقاضی ہیں، مہنگائی کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے جو کوششیں ہونی چا ہئے تھیں وہ نہیں کی گئی ہے۔پارٹی میں تقسیم سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ʼلیڈروں میں اتنی اوقات نہیں رہی کہ تنظیم کو تقسیم کرسکے اب کارکنوں نے جوڑا ہوا ہے۔ اسپورٹس گالا کی افتتاحی تقریب میں سابق قومی ہاکی کپتان حنیف خان،محفوظ یار خان، سندھ اولمپک کے سید محفوظ الحق، اور بلدیہ وسطی کے چیئر مین ریحان ہاشمی اور دیگر نے بھی شرکت کی۔
تازہ ترین