• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومتی مشیر بھی گورننس کو مکمل برباد کہہ رہے ہیں، کائرہ

حکومتی مشیر بھی گورننس کو مکمل برباد کہہ رہے ہیں، کائرہ


پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے مشیر عشرت حسین خود کہہ رہے ہیں کہ گورننس مکمل طور پر برباد ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پرویز مشرف کے دور میں بھی ایسے ہی آٹے کے ٹرک کھڑے تھے، 12 سال بعد آمر کے چاہنے والوں نے اس کا سین دہرادیا۔

انہوں نے کہا کہ فی کلو ساڑھے 16 روپے کسان کو سبسڈی دے کر گندم باہر بھیجنا اسکینڈل ہے، پوچھا جائے ساڑھے 10 ارب روپے کی سبسڈی دینے کا ذمے دار کون ہے؟

پی پی کے سینئر رہنما نے مزید کہا کہ شوگرملز نہیں چلائی جارہیں، کسانوں کو گنے کی قیمت نہیں مل رہی اس کے باوجود چینی کا ریٹ اوپر جاتا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ یہ کون سی گورننس ہے جو چینی کا دام اوپر جارہا ہے؟ ذخیرہ اندوزی کا علاج میڈیا، اپوزیشن یا حکومت نے کرنا ہے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ حکومتی مشیر خود کہہ رہے ہیں کہ گورننس مکمل طور پر برباد ہے، فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کا چیئرمین کہہ رہا ہے کہ ادارے کا ڈھانچہ تبدیل کرنا پڑے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک کے بعد دوسرے وعدے اور بات پر وزیراعظم کے یوٹرن عوام دیکھ رہی ہے۔

پی پی رہنما نے وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ بڑا یوٹرن لے کر پتلی گلی سے نکلنے کی کوشش کریں، یہ ملک آپ سے نہیں چلایا جاتا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے حکمران اتحاد میں شامل جماعتوں سے جھگڑ رہے ہیں اور پھر بھی کہا جاتا ہے کہ حکومت مستحکم ہے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ حکومتی جماعت کے ایم این ایز کہہ رہے ہیں کہ نوکریاں بک رہی ہیں، فواد چوہدری نے خود پنجاب حکومت کو چارج شیٹ کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کو مرضی کی بیوروکریٹ ٹیم سلیکٹ کرنے کا حق ہے، اسی طرح صوبوں کے وزیراعلیٰ کو آئی جی بدلنے کا اختیار ہے۔

پی پی رہنما نے یہ بھی کہا کہ پنجاب میں 5  آئی جی تبدیل ہوئے، کوئی اعتراض نہیں، وفاقی حکومت مزے لے رہی ہے، خود آئی جی کی تبدیلی کی سمری دینے کا کہا۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ہر ضلع میں مہنگائی، آٹے اور چینی کے بحرانوں پر احتجاج کرے گی، آٹا ناپید ہے، یہ کہہ رہےہیں وافر دستیاب ہے۔

قمر زمان کائرہ نے استفسار کیا کہ جب نئی فصل آنے والی ہے تو حکومت باہر سے گندم کیوں منگوارہی ہے؟ عوام کو ساتھ شامل کرکے اس حکومت کو چلتا کریں گے۔

تازہ ترین