• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگائی اور بیروزگاری کے سبب انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے ، ساجد میر

کراچی (پ ر ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ ارباب اختیار ہوش کے ناخن لیں عوام کی سانسیں اکھڑ رہی ہیں ، مہنگائی اور بے روزگاری کے سبب انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے ، ملکی تاریخ کی پہلی حکومت ہے جس سے تمام معاشی طبقات تنگ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے حکومتی دعوے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ عثمان بن عفان قیوم آباد میں مرکزی جمعیت اہل حدیث سندھ کی کابینہ اور کراچی کے اراکین شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا ، اس موقع پر صوبائی امیر مفتی یوسف قصوری ، مولانا ابراہیم طارق ، سید عامر نجیب ، محمد اشرف قریشی ، قاری خلیل الرحمٰن جاوید ، مولانا یوسف کاظم ، شکیل اختر ، مفتی رفیق سلفی ، ڈاکٹر اعجاز فاروقی ، مولانا زبیر عباسی ، ایم مزمل صدیقی ، مولانا حسن عبیدی ، حافظ عبد الحمید گوندل بھی موجود تھے۔ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے مزید کہا کہ حکومت کے سہولت کار تمام ادارے انا کا مسئلہ نہ بنائیں عوام کے مفاد میں تبدیلی کے ذریعے ملک کو مزید تباہی سے بچایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیاست اور پوائنٹ اسکورنگ کا وقت نہیں ہے ، غریب کے چولہے بجھے ہوں تو ریاست کا استحکام خطرے میں پڑ جاتا ہے ، اگر دینی جماعتیں لوگوں کو اللہ سے نہ جوڑ رہی ہوتیں تو ملک میں خودکشیوں کاسونامی آچکا ہوتا ۔ انہوں نے کہا کہ آٹے کا سنگین بحران حکومت کی ناہلی کا واضح ثبوت ہے ، وزیر اعظم حالات سنبھالنے میں ناکام ہیں لیکن ہار ماننے کے لئے تیار نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر میں مظالم کی حد کردی ہے لیکن حکومت پاکستان اپنا کرادار ادا کرنے کے لئے تیار نہیں ، موجودہ حکومت کشمیریوں کی توقعات پر پوری نہیں اتری۔
تازہ ترین