• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین میں کرونا وائرس سے مزید 8 ہلاک، تعداد 25 ہوگئی

چین میں کرونا وائرس سے مزید 8 ہلاک، تعداد 25 ہوگئی



چین میں پھیلنے والے کرونا وائرس نے دنیا بھر میں خطرے کی گھنٹی بجا دی، چین میں وائرس سے مزید 8 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 25 ہوگئی ہے۔

بین الاقوامی خبر ایجنسی کے مطابق 830 افرادمیں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں سے 177 کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ چینی حکام مزید 1072 مشتبہ کیسز کا جائزہ لے رہے ہیں۔

کروناوائرس کے زیادہ تر کیسز چین کےشہر ووہان میں سامنے آئے ہیں، خیبر ایجنسی کے مطابق ووہان شہر اور دیگر قریبی شہروں سے لوگوں کے باہر جانے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے اجلاس میں کروناوائرس پر عالمی تشویش کی سطح کا جائزہ لیا گیا ہے تاہم عالمی ادارہ صحت نے صورتحال کو گلوبل ہیلتھ ایمرجنسی قرار دینے سے گریز کیا ہے۔

دوسری جانب امریکی شہر ہیوسٹن میں کرونا وائرس کے حوالے سے ایک اور مشتبہ کیس کی تحقیقات کی جاری ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ مریض کے خون کے نمونے ٹیسٹ کے لیے بھیج دیے گئے ہیں، مریض چین کے صوبے ووہان سے ہیوسٹن پہنچا ہے۔

اس سے قبل امریکا میں ایک شخص میں کرونا وائرس کا کیس رپورٹ ہوا تھا، وہ مریض بھی چین سے اسی ماہ واپس امریکا آیا تھا۔

سارس سے ملتے جلتے کروناوائرس کے ممکنہ پھیلاؤ پر تشویش میں اضافہ ہو گیا ہے کیوں کہ 2002 اور 2003 میں چین اور ہانگ کانگ میں سارس وائرس سے 650 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

تازہ ترین