• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ میں پھر بارش شروع، موسم مزید سرد

کوئٹہ میں پھر بارش شروع، موسم مزید سرد


ملک بھر میں موسم سرد ہے، شمالی علاقوں میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے، بلوچستان کے درالحکومت کوئٹہ اور اس کے اطراف کے علاقوں میں ایک بار پھر بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

کوئٹہ اور نواحی علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش سے موسم مزید سرد ہو گیا۔

ادھر گلگت بلتستان میں ضلع استور، غذر، ہنزہ اور نگر میں رات سے برف باری جاری ہے، بالائی وادیوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔

اس صورتِ حال سے استور میں خیموں میں رہنے والے زلزلہ متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی میں بوندا باندی، کوئٹہ میں برفباری جاری

ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان اور پنجاب میں بھی بادل برستے ہی سردی بڑھ گئی۔

ملک کے متعدد بالائی علاقوں میں برف کی سفیدی پھیل گئی، استور میں گزشتہ کئی گھنٹوں سے وقفے وقفے کے ساتھ برف باری کا سلسلہ چل ہے۔

خیموں میں رہنے والے زلزلہ متاثرین کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ بالائی علاقوں کی تمام رابطہ سڑکیں بدستور بلاک ہیں۔

ضلع ہنزہ اور نگر میں بھی رات سے ہونے والی برف باری نے پوری وادی کو ڈھک لیا ہے، شدید برف باری کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں اور کاروبارِ زندگی متاثر ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کوئٹہ، سردی سے ہنہ جھیل کا پانی برف میں تبدیل

ضلع غذرمیں بھی مسلسل برف باری کے باعث رابطہ سڑکوں پر آمدورفت کا سلسلہ پھر سے معطل ہوگیا ہے۔

ٹانک شہر و مضافات میں ہلکی ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری سے سردی بڑھ گئی ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان شہر و مضافات میں بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

پنجاب کے متعدد شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش نے موسم کو مزید ٹھنڈا کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی میں آج رواں ماہ کا سرد ترین دن قرار

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سرد ترین مقام اسکردو رہا جہاں درجۂ حرارت منفی 22 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، بگروٹ میں درجۂ حرارت منفی 13 اور استور میں منفی 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اسلام آباد میں کم سے کم درجۂ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ رہا، کراچی میں 14، لاہور، فیصل آباد اور ملتان میں 6، پشاور میں 3، کوئٹہ میں منفی 4، مظفر آباد میں ایک، گلگت میں منفی ایک اور حیدر آباد میں کم سے کم درجۂ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم بالائی خیبر پختون خوا، گلگت بلتستان، اسلام آباد، کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مطلع آبر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر صبح کے اوقات میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر بر ف باری کا امکان ہے۔

تازہ ترین