• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں آج رواں ماہ کا سرد ترین دن قرار


کراچی میں آج رواں سال کا سرد ترین دن رہا، محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہرِ قائد کا کم سے کم درجۂ حرارت آج 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی کا موسم خشک، سرد اور صبح کے وقت کہر چھائے رہنے کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ شہرِ قائد میں کم سے کم درجۂ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 21 سے 23 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات نے یہ بھی بتایا ہے کہ شہر میں ہوائیں معطل ہیں جبکہ فضا میں نمی کا تناسب 43 فیصد ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کالام منفی 14ڈگری کے ساتھ ملک کا سرد ترین علاقہ

ادھر بلوچستان کے شمال مشرقی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے، برف ہٹائے جانے کے بعد متعدد سڑکوں پر شدید پھسلن سے مسافروں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے۔

بلوچستان کے شمال مشرقی علاقوں میں ریلیف اور ریسکیو آپریشن پانچویں روز بھی کیا جا رہا ہے، توبہ اچکزئی اور توبہ کاکڑی میں اب بھی 4 سے 5 فٹ تک برف موجود ہے جہاں برف ہٹانے کا کام جاری ہے جبکہ کچھ بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں اب تک بحال نہیں ہوسکی ہیں۔

ادھر گلگت بلتستان کے اکثر علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہونے سے بالائی علاقوں میں اشیائے خورد و نوش اور ادویات کی قلت ہے۔

ملک کے بالائی علاقوں میں کہیں موسم بے انتہا سرد تو کہیں مطلع صاف ہونے سے سردی میں کچھ کمی آئی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی میں جمعے تک سردی کا ڈیرہ

گلگت بلتستان کے ضلع دیامر، استور اور غذر میں برف باری کے بعد موسم شدید سرد ہے، استور ویلی روڈ سمیت متعدد رابطہ سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔

غذر کے اکثرعلاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہونے سے بالائی علاقوں میں اشیائے خورد و نوش اور ادویات کی قلت ہے جبکہ گلگت سے گاہکوچ تک روڈ بحال کر دیا گیا ہے۔

اسکردو میں ایئرپورٹ کے رن وے پر جمی برف ہٹا دی گئی ہے جس کے بعد آج سے معمول کی پروازیں بحال کر دی گئی ہیں۔

تازہ ترین