• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی جی سندھ کلیم امام   کا کراچی میں  تقریب سے خطاب



آئی جی سندھ سید کلیم امام نے اپنے تبادلے کی افواہوں کی تردید کی ہے اور سندھ حکومت کو للکارا ہے کہ ان کے خلاف بڑی سازش ہوئی ہے، وہ اتنی آسانی سے جانے والے نہیں ہیں اور اگر گئے تو سوا لاکھ کے رہیں گے۔

آئی جی سندھ سید کلیم امام سینٹرل پولیس آفس میں شہدائے سندھ پولیس کی یادگار کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

یہ بھی پڑھیے: کلیم امام کے آنے کے بعد امن و امان کی صورتحال خراب ہوئی، سعید غنی

یہ بھی پڑھیے: حتمی فیصلہ ہونے تک کلیم امام ہی آئی جی سندھ رہیں گے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن

اسی تقریب کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کے بعض حلقوں کی جانب سے سندھ پولیس کے شہداء کی یادگار کے افتتاح کی یہ تقریب ان کی الوداعی تقریب قرار دی جا رہی ہے حالانکہ ایسا ہرگز نہیں۔

آئی جی سندھ سید کلیم امام نے اپنے تبادلے کی خبر کی تردید کی اور کہا کہ "میرا تبادلہ اتنی آسانی سے ہونے والا نہیں ہے" کلیم امام نے کہا کہ میں جاؤں گا تو اپنے مقدر سے جاؤں گا۔ جب جاؤں گا تو کسی بڑی جگہ یا نئے مراحل پرجاؤں گا۔ یہ افتتاحی تقریب تھی جسے میری الوداعی پارٹی سے منسوب کردیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس والے شاید میری الوداعی پارٹی کے پیسے بچانا چاہ رہے ہیں۔اگر میرا تبادلہ ہوگیا تو بھی ہاتھی سوا لاکھ کا ہی رہوں گا۔

آئی جی سندھ سید کلیم امام نے سینٹرل پولیس آفس میں یاد گار شہدا کا افتتاح خود کرنے کی بجائے وہاں موجود مدعو کی گئیں شہدا کی فیملیز سے کرایا۔

آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے شہداء کی فیملیز کو افتتاح کا موقع دیا۔ یادگار شہدا کے علاوہ سینٹرل پولیس آفس میں بھی تزئین و آرائش کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشن مقصود احمد میمن نے ترقیاتی کام کی نگرانی کی۔

انہوں نے بتایا کہ چھ ماہ کے قلیل عرصہ میں یادگار شہداء قائم کی گئی ہے۔ سندھ پولیس کے ایڈیشنل آئی جیز ڈی آئی جیز ایس ایس پیز اور دیگر افسران بھی تقریب میں شریک تھے۔

ڈی آئی جی مقصود میمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ 2188 شہدا کے نام دیوار پر درج کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کراچی میں جو امن ہے اس میں شہدا کی قربانیاں شامل ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بے امنی کے حوالے سے کراچی دنیا میں ساتویں نمبر سے آٹھاسیویں نمبر پر آچکا ہے۔

پولیس کی بلڈنگ جب سے بنی تھی کسی بڑے ادارے کی طرح نہیں تھی لیکن اب آئی جی کلیم امام کی ہدایات پر تزین آرائیش کی گئی۔ آئی جی سندھ کے احکامات پر تھانوں کی حالت بہتر کرنے کے لئے پندرہ پندرہ لاکھ روپے جاری کئے۔

تازہ ترین