• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

’میگھن سے ملنا چاہتا ہوں، چاہے عدالت جانا پڑے‘

حال ہی میں شاہی خاندان سے الگ ہونے والی میگھن مرکل کے والد تھامس مرکل کا کہنا ہے کہ وہ اپنی بیٹی ، داماد اور نواسے سے ملنا چاہتے ہیں چاہے انہیں اس کے لئے عدالت بھی جانا پڑے۔

برطانیہ کے ٹی وی چینل ’ آئی ٹی وی ‘ پر ایک انٹرویو کے دوران تھامس مرکل کا میگھن مرکل اور پرنس ہیری کا شاہی خاندان چھوڑنے اور خود کفیل ہونے سے متعلق کہنا تھا کہ ’ میرے خیال میں میگھن اور ہیری کے اس فیصلے سے کوئین الیزبیتھ کو صدمہ پہنچا ہوگا، ان دونوں نے پورے شاہی خاندان کو اپنے اس فیصلے سے تکلیف پہنچائی ہے، ایسا نہیں ہوتا ہے، مجھے ان کے فیصلے پر شرم آ رہی ہے اور مجھے کوئین سے بہت ہمدردی ہو رہی ہے۔‘

تھامس مرکل کا کہنا تھا کہ میگھن اور ہیری کے اس فیصلے سے ان کی مشکلات میں اضافہ ہوگا، شاہی خاندان سے خود کو علیحدہ کر لینا بڑی عجیب بات ہے، جو کچھ بھی ہوا سمجھ سے باہر ہے کہ آ خر ایسا کیا ہوگیا تھا کہ یہ نوبت آئی، اس فیصلے کا کوئی جواز نہیں بنتا ہے ۔

انہوں نے مزیدکہا کہ میں نے میگھن اور ہیری کی شادی میں شرکت نہیں کی تھی اور اس کے بعد سے میں اپنی بیٹی کے لیے اجنبی ہو گیا ہوں، میں آج تک ہیری اور اپنے نواسے نہیں ملا ہوں۔

تھامس مرکل کا کہنا ہے کہ وہ میگھن پر ان سے نہ ملنے پر مقدمہ کر سکتے ہیں ’مجھے میگھن سے ملنے کے لیے کمرہ عدالت بھی جانا پڑا تو یہ بھی ٹھیک رہے گا، کم از کم مجھے انہیں دیکھنے کا موقع تو ملے گا، مگر میں ان کے ساتھ کوئی مقابلہ کرنا نہیں چاہتا اور نہ ہی ان سے لڑنا چاہتا ہوں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنی بیٹی کو بہت یاد کرتا ہوں، اُس نے مجھے بالکل بھلا دیا ہے۔

میں اپنی بیٹی اور نواسے سے بہت پیار کرتا ہوں، اگر ہیری مجھ سے ملتا تو میں اسے بھی پیار ہی دیتا، شہزادہ ہیری کو مجھ سے میری بیٹی سے شادی کے لیے اس کا ہاتھ مانگنے میرے پاس آنا چاہیے تھا۔

تھامس مرکل سے انٹرویو کے دوران سوال کیا گیا کہ اب وہ ہیری کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں جس پر تھامس مرکل کا کہنا تھا کہ ’ مرد بنو اور اب میرا سامنا کرو۔‘ 

تازہ ترین
تازہ ترین