• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم سی سی کیخلاف میچز کیلئے نوجوان پلیئرز پر مشتمل ٹیموں کا اعلان

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ 2019 کی فاتح ٹیم کے کپتان سعود شکیل کو ایم سی سی کے خلاف میچ کے لئے پاکستان شاہینز کا کپتان مقرر کردیا گیا ہے۔ قومی ٹی ٹوئنٹی چیمپئن ناردرن ٹیم کی قیادت روحیل نذیر کریں گے۔ پی سی بی کی جانب سے منتخب کردہ اسکواڈز کے علاوہ ایم سی سی کرکٹ ٹیم لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے خلاف 2ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے گی۔ دونوں میچ پی ایس ایل کے آغاز سے قبل لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے لیے وارم اپ میچز کی حیثیت رکھتے ہیں۔ پی ایس ایل میں شریک دیگر چاروں ٹیمیں اس دوران کراچی میں ایک دوسرے کیخلاف وارم اپ میچز کھیلنے میں مصروف ہوں گی۔ بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں قومی سینئر اسکواڈ میں جگہ بنانے کے سبب عماد بٹ، خوشدل شاہ اور محمد حسنین کو پاکستان شاہینز میں شامل نہیں کیا گیا۔ ایم سی سی کی ٹیم 13 سے 19فروری تک لاہور کا دورہ کرے گی ۔ اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ 2019 کے فائنل میں بنگلہ دیش کو 77 رنز سے شکست دینے والی قومی ایمرجنگ ٹیم کے اسکواڈ میں شامل11 سعود شکیل ، عاکف جاوید، حیدر علی، حسن محسن، عمران رفیق، محمد محسن، عمیر بن یوسف، روحیل نذیر، سیف بدر، ثمین گل اور عمر خان کو اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ذیشان ملک کو ایم سی سی کے خلاف اعلان کردہ 12 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ قائداعظم ٹرافی میں 23سالہ ذیشان ملک نے 52 کی اوسط سے 780 رنز بنائے تھے۔ کوآرڈینٹر برائے سلیکشن کمیٹی ندیم خان کا کہنا ہے کہ اسکواڈ میں صرف ایک تبدیلی کی گئی ہے۔ پاکستان شاہینز ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ سعود شکیل ،کپتان (سندھ)، عاکف جاوید (بلوچستان)، حیدر علی (ناردرن)، حسن محسن (سندھ)، عمران رفیق (سدرن پنجاب)، محمد محسن (خیبرپختونخوا)، عمیر بن یوسف (سندھ)، روحیل نذیر ،وکٹ کیپر (ناردرن)، سیف بدر (سدرن پنجاب)، ثمین گل (خیبرپختونخوا)، عمر خان (خیبرپختونخوا) اور ذیشان ملک (ناردرن)۔ اس موقع پر ناردرن کے ہیڈ کوچ محمد وسیم نے بھی ایم سی سی کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے 12 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ ٹیم کی قیادت روحیل نذیر کریں گے جبکہ علی عمران، حیدر علی اور زید عالم کو ٹیم میں برقرار رکھا گیا ہے۔
تازہ ترین