• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ووہان میں کورونا وائرس سے پاکستانی طلبہ خوفزدہ

ووہان میں کورونا وائرس سے پاکستانی طلبہ خوفزدہ


چین کے شہر ووہان میں 4 پاکستانیوں کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد وہاں موجود پاکستانی طلبہ خوفزدہ ہوگئے ہیں، 2 طلبہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ 4 پاکستانیوں کے وائرس سے متاثر ہونے کے بعد ہم سب غیر محفوظ ہوگئے ہیں۔

طلباء کا کہنا ہے کہ خدارا پاکستانی سفارت خانہ ہمیں جلد از جلد ووہان سے نکالے۔

واضح رہے کہ چین میں پھنسے پاکستانی طالبعلموں میں سے چار میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

چین میں کورونا وائرس سے آج مزید 26 افراد ہلاک ہو گئے، جس کے بعد مرنے والوں کی کل تعداد 132 ہو گئی، جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 6 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفرمرزا کا کہنا ہے کہ چین میں چار پاکستانی طلبہ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی، ان طلبہ کے خاندانوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ مریضوں کا علاج کرانے کی ذمہ داری حکومت پر ہے۔

ڈاکٹر ظفرمرزا کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ میرا وزارت خارجہ اور چین میں پاکستانی سفارتخانے سے رابطہ ہے، چین میں تمام پاکستانی طلبہ سے پاکستانی سفارتخانے کا عملہ مستقل رابطے میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی طلبہ جن کو چین میں کورونا وائرس ہوا ہے ان کی صحت بہتر ہورہی ہے، کانفیڈینشل ہونے کی وجہ سے ہم متاثرہ طلبہ کے نام نہیں بتا رہے۔

چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے کورونا وائرس سے متعلق ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ کورونا وائرس کی مخصوص علامات نہیں ہیں، جب تک مریض کی لیبارٹری میں جانچ نہ ہوجائے ہم نہیں کہہ سکتے کہ اسے کورونا وائرس ہے، اس وائرس سے چھاتی کے انفیکشن کی بیماری لاحق ہوتی ہے جبکہ یہ وائرس جانوروں سےانسانوں میں منتقل ہوا ہے اور اب یہ وائرس انسانوں سے انسانوں میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔

تازہ ترین