• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام کورونا وائرس سے خوف زدہ نہ ہوں، احتیاط کریں، ڈاکٹر نسیم

 عوام کورونا وائرس سے خوف زدہ نہ ہوں، احتیاط کریں، ڈاکٹر نسیم
فائل فوٹو

معروف ماہر متعدی امراض ڈاکٹر نسیم صلاح الدین نے کہا ہے کہ عوام کورونا وائرس سے خوف زدہ نہ ہوں، اس سے اموات کی شرح صرف 3فیصد ہے جبکہ عام نزلے سے اس سے زیادہ ہلاکتیں ہو جاتی ہیں، تاہم احتیاط ضرور کریں۔

جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نےبتایا کہ وائرسز ہر چند سال میں تبدیل ہو جاتے ہیں ۔ انفلوئیزا وائرس اے جو پاکستان میں موجود ہے اور عام نزلہ ہے وہ بھی خطرناک ہوتاہے، جس سے کم قوت مدافعت والوں کی موت واقع ہوجاتی ہے، لیکن اس سے اتنا خوف نہیں کھایا جاتا تاہم ڈاکٹرز سب کو احتیاط کا مشورہ دیتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس اس لئے خطرناک ہے کہ یہ بہت تیزی سے پھیلتا ہے لیکن اس سے اموات کی شرح بہت کم ہے، وہ افراد جان سے جاتے ہیں جن کی قوت مدافعت کم ہو یا کوئی شدید بیماری ہواس لئے عوام کو خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اگر خدانخواستہ یہ وائرس یہاں آگیا اور بڑی تعداد میں پھیل گیا تو پریشانی کا باعث بنے گا، اس لئے حکومت کے ساتھ عوام کو بھی چاہیے کہ احتیاط کریں۔

نزلہ ہو تو زیادہ ہاتھ نہ ملائیں ، گلے نہ ملیں ، ایک دوسرے سے زیادہ قربت و میل جول سے احتراز کریں، کھانستے وقت منہ اور ناک کو ٹشو پیپر سے ڈھانپ لیں ، ہاتھ کو صابن سے دھوئیں ، ملاقاتیں محدود کردیں ، جن اشیاء کو چھوئیں انہیں انفیکشن دور کرنے والے محلول سے صاف کرلیں ۔

تازہ ترین