• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین میں محصور پاکستانی طلبہ وطن واپسی کیلئے بے چین


کورونا وائرس کے وبال سے چین میں موجود پاکستانی طلبہ مشکلات سے دو چار ہیں اور وطن واپسی کے لیے بے چین ہیں، انہوں نے میڈیا نمائندوں سے بھی مدد کی اپیل کی ہے۔

چین کے شہر ارمچی میں محصور پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ انہیں ایئر پورٹ ہی پر رکنے کا کہا جا رہا ہے، اکثر لوگوں کا ویزا بھی ختم ہو گیا ہے، چین میں پھنسے پاکستانیوں نے حکومتِ پاکستان سے وطن واپسی کے لیے اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: کراچی: کورونا وائرس کے مشتبہ مریض صحتیابی کے بعد گھر روانہ

یہ بھی پڑھیے: ووہان میں کورونا وائرس سے پاکستانی طلبہ خوفزدہ

چین میں پھنسے ہوئے ہوبے یونی ورسٹی آف آرٹس اینڈ سائنس کے پاکستانی طلبہ کا کہنا ہے کہ یہاں بھی صورتِ حال انتہائی خراب ہے، ہمیں کوئی سنجیدگی سے نہیں لے رہا ہے، دوسرے ملکوں کی جانب سےان کے شہریوں کو فوری مدد فراہم کی جا رہی ہے مگر ہم ابھی بھی امداد کے منتظر ہیں۔

ہمیں چینی حکومت کی جانب سے اس وائرس سے بچنے کے لیے کمروں میں محصور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور احتیاط کے لیے صرف ماسک اور تھرما میٹرز دیئے گئے ہیں جبکہ پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ ہم یہاں کی انتظامیہ کی بات مانیں اور ان کی ہدایات پر عمل کریں۔

ان طلبہ نے پاکستانی سفارت خانے سے انہیں فوری وطن منتقل کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہاں پل پل حالات بد سے بد تر ہو رہے ہیں، ہر گھنٹے میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد بڑھ رہی ہے۔

پاکستانی طلبہ کے ویڈیو پیغام میں ان کے چہروں پر خوف اور بے چینی کے آثار نمایاں ہیں جبکہ چین میں کرونا وائرس میں مبتلا 4 پاکستانی طلبہ کے والدین بے چین اور بے قرار ہیں جنہوں نے حکومت سے اپنے پیاروں کی فوری واپسی کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: چمگادڑ بے شمار وائرسز کے ساتھ کیسے زندہ رہتی ہے ؟

واضح رہے کہ اسلام آباد میں دفترِ خارجہ میں کورونا وائرس سےمتعلق میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفترِ خارجہ عائشہ فاروقی نے بتایا ہے کہ حکومت پاکستان کورونا وائرس سے بدلتی صورتِ حال کو مسلسل نگاہ میں رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چین نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ پاکستانی شہریوں کی حفاظت یقینی بنائی جائے گی، ارومچی میں فلائٹ تاخیر کا شکار ہوئی جس کے باعث پاکستانی وہاں متاثر ہوئے تاہم تاخیر کا شکار مسافروں سے متعلق چینی حکام سے رابطہ کیا ہے اور ان کا خیال رکھنے کی اپیل کی ہے۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ چینی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں کہ وہ پاکستانی شہریوں کے خوراک کے مسائل حل کریں۔

دوسری جانب چین میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 180 ہو گئی ہے جبکہ پونے 8 ہزار سے زائد افراد اب تک اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

تازہ ترین