کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی، کہیں تیزبارش ہونے کے بعد شہر کے کچھ علاقوں میں سڑکوں اور گلیوں میں پانی جمع ہو گیا جس نے کیچڑ کا روپ دھار لیا۔
بارش کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی جبکہ کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔
شہر کے مختلف علاقوں میں اچانک تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ صبح سویرے شروع ہو گیا، محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی سسٹم اس اچانک بارش کا باعث بنا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق مغربی سسٹم کے اثرات بارش کی صورت میں نظر آئے، بادل شمال مغرب سے شہر میں داخل ہوئے، ہلکی بارش کے دوران بجلی بھی چمکتی رہی۔
یہ بھی پڑھیئے: کوئٹہ میں پھر بارش شروع، موسم مزید سرد
تھوڑی دیر ہونے والی بارش کے بعد شہر کے بیشتر چوراہوں پر کیچڑ اور پانی جمع ہونے کے باعث صبح سویرے شہریوں کو جگہ جگہ ٹریفک جام کی صورتِ حال کا سامنا کر نا پڑا۔
الآصف اسکوائر کے قریب کرنٹ لگنے سے ایک نامعلوم شخص جاں بحق ہو گیا، جس کی لاش اسپتال منتقل کی گئی۔
کراچی کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے کے الیکٹرک نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بجلی کے کھمبوں، دیواروں اور گرے ہوئے تاروں سے دور رہیں۔
بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیئے: بلوچستان میں بارش، برفباری کا نیا سسٹم آج داخل ہوگا
جہاں ہلکی بارش ہوئی، وہاں سڑکوں پر پھسلن بھی ہو گئی جس کے باعث متعدد موٹر سائیکل سوار سلپ ہو کر زخمی ہوئے۔
ٹریفک پولیس کا بھی کہنا ہے کہ موٹر سائیکل سوار احتیاط سے سفر کریں۔
کراچی کے جن علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش ہوئی ان میں سرجانی ٹاؤن، نیو کراچی، نارتھ کراچی، یوپی سوسائٹی، ناگن چورنگی، مسلم ٹاؤن، بفر زون، لسبیلہ، گرو مندر، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، گلشنِ اقبال، گلستانِ جوہر، ملیر، شاہ فیصل کالونی، ایئر پورٹ، لانڈھی، کورنگی، ڈیفنس، کلفٹن، ایم اے جناح روڈ، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، برنس روڈ، اورنگی ٹاؤن، سائٹ، بلدیہ ٹاؤن، شیر شاہ، لیاری، لی مارکیٹ، جونا مارکیٹ، بولٹن مارکیٹ، کھارادر، میٹھادر، ٹاور، کیماڑی سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔
سب سے زیادہ بارش کراچی کے علاقے ناظم آباد میں 3 اعشاریہ 5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، ایئر پورٹ اور محکمۂ موسمیات کے سینٹر پر 2اعشاریہ 6 ملی میٹر، صدر میں 2 اعشاریہ 5، شاہ فیصل کالونی، مسرور بیس اور سرجانی ٹاؤن میں 1 اعشاریہ 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیئے: بلوچستان، بارش، برفباری کے بعد معمولاتِ زندگی مفلوج
کراچی کے علاوہ بلوچستان میں حب اور پنجاب میں لیہ میں بھی ہلکی بارش ہوئی، بلوچستان کے شمال مشرقی علاقوں میں بارش کے علاوہ برف باری بھی ہوئی ہے۔
وادیٔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمالی علاقوں میں ہونے والی بارش اور برف باری سے موسم مزید سرد ہوگیا۔
محکمۂ موسمیات نے آج (منگل کو) کوئٹہ سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کر دی ہے۔
وادیٔ کوئٹہ میں پیر کی دوپہر سےشروع ہونے والا بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے رات گئے تک جاری رہا، کوئٹہ کے نواحی علاقے اوڑک اور پہاڑوں پر برف باری بھی ہوئی۔
یہ بھی پڑھیئے: کراچی میں کل بارش کا نیا سسٹم آئے گا
بارش سے شہر کی شاہراہوں، گلیوں، محلوں میں جل تھل ایک ہو گئے، بارش کے ساتھ ساتھ سرد ہوائیں چلنے سے موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔
ضلع قلعہ سیف اللّٰہ کے علاقے کان مہتر زئی اور قلعہ عبد اللّٰہ کے علاقے کوجک ٹاپ میں برف باری سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔
زیارت، قلات اور ہرنائی شین غر میں بھی برف باری ہوئی، زیارت میں سوئی گیس کے پریشر میں کمی سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق پیر کی رات گئے تک کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلعہ سیف اللّٰہ، قلعہ عبد اللّٰہ، لورا لائی، نوشکی، چمن، قلات، بارکھان، خضدار اور پنجگور کے اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے، تاہم منگل کے روز صو بے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔
یہ بھی پڑھیئے: فیصل آباد، کرنٹ لگنے سے مزدور باپ بیٹا جاں بحق
برف باری کے باعث کوژک ٹاپ کو بھاری ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
این ایچ اے حکام کا کہنا ہے کہ مسافر کوئٹہ چمن شاہراہ پرآج صبح تک سفرسے گریز کریں۔