• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان میں بارش شروع، کراچی کی باری کل آئے گی


مغربی ہواؤں کا نیا سسٹم بلوچستان میں داخل ہو گیا جس سے صوبے میں بارشیں شروع ہو گئیں جبکہ کراچی میں آج سے مزید تیز ہوائیں چلیں گی جس سے سردی مزید بڑھے گی اور اتوار کو شہرِ قائد میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

بلوچستان میں داخل ہونے والے مغربی ہواؤں کے نئے سسٹم کے تحت تربت، پنجگور اور نوشکی سمیت ملحقہ علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جبکہ صوبے کے تمام اضلاع میں آج اور کل شدید بارش اور برف باری کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق بارشیں برسانے والا نیا سسٹم بلوچستان میں داخل ہونے کے بعد مختلف شہروں میں بارش جاری ہے۔

تربت، پنجگور اور نوشکی سمیت ملحقہ علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے، کوئٹہ میں مطلع ابر آلود ہے اور سرد ہوائیں چلنے سے موسم مزید سرد ہو گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی میں جمعہ تک سردی کا ڈیرہ

محکمۂ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ، قلات، سوراب، مستونگ اور زیارت میں برف باری کا امکان ہے جبکہ گوادر، آواران، واشک، خاران، پشین، ہرنائی، قلعہ عبد اللّٰہ، پشین، ژوب اور ہرنائی میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

بارش کے سسٹم کے زیرِ اثر آنے والے اضلاع تربت، کیچ، پنجگور، قلات، کوئٹہ اور ژوب کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ کوئٹہ، ہرنائی، زیارت، قلعہ عبد اللّٰہ اور پشین کے اضلاع میں شدید برف باری متوقع ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ سمیت تمام متعلقہ حکام کو اس دوران الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

ادھر ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے، منفی 15 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ کالام ملک کا سرد ترین علاقہ رہا، جبکہ اسکردو منفی 14 ڈگری کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی میں کل بارش کا نیا سسٹم آئے گا

شدید دھند کے باعث ملتان فیصل آباد موٹروے بند کر دی گئی، ملتان سکھر موٹر وے، ملتان سے ظاہر پیر اور جلال پور پیر والا تک بھی بند ہے۔

قومی شاہراہ پر چیچہ وطنی، کسوال، میاں چنوں، خانیوال، بستی ملوک، لودھراں اور بہاول پور میں بھی دھند کے باعث حدِنگاہ کم رہ گئی ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔

تازہ ترین