• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان میں بارش، برفباری کا نیا سسٹم آج داخل ہوگا

بلوچستان میں بارش، برفباری کا نیا سسٹم آج داخل ہوگا


بلوچستان میں برف باری کی لپیٹ میں آئے علاقوں میں شہریوں کی مشکلات کم نہ ہو سکیں، صوبے میں آج برف باری اور بارش کا نیا سسٹم داخل ہو رہا ہے، جس سے آئندہ 3 سے 4 روز کے دوران مزید بارش اور برف باری کا امکان ہے۔

بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللّٰہ کے علاقے مسلم باغ میں برف باری سے متاثرہ علاقوں میں سینکڑوں گاڑیاں ایک مرتبہ پھر پھنس گئیں۔

ضلعی انتظامیہ نے پھنسی ہوئی گاڑیوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عتیق شاہوانی کے مطابق لیویز اہلکار دن میں کئی کئی مرتبہ پھنسی ہوئی گاڑیوں کو نکالتے ہیں، لیکن ڈرائیورز جلد بازی میں سنگل لائن کے بجائے تین تین لائنیں بنا لیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: بلوچستان میں بارشوں اور برف باری کا الرٹ جاری

محکمۂ موسمیات کے مطابق آج سے ایک بار پھر صوبے کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں برف باری اور بارشوں کا نیا سسٹم داخل ہو رہا ہے۔

اس نئے سسٹم کے تحت کوئٹہ، زیارت، مسلم باغ، کان مہتر زئی، پشین، مستونگ اور قلات سمیت مختلف علاقوں میں برف باری جبکہ دیگر علاقوں میں موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

متوقع موسم کے پیشِ نظر لوکل گورنمنٹ بورڈ کی جانب سے کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن، میونسپل کارپوریشن، کمیٹیوں، ضلعی کونسلوں کے ایڈمنسٹریٹرز اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور ہنگامی سروسز، مشینری و سامان تیار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب برف سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن جاری ہے، جس کے تحت وہاں امدادی سامان اور خوراک تقسیم کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: وزیر اعلیٰ بلوچستان کا برفباری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

قلعہ سیف اللّٰہ، زیارت، مستونگ اور قلات کے دور دراز علاقوں میں حالیہ برف باری کی وجہ سے رسائی میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

تازہ ترین