• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیلی ویژن اور فلموں کی مقبول اداکارہ آمنہ الیاس کا کہنا ہے کہ 38 برس قبل ٹی وی پر پیش کیا جانے والا مقبول ڈراما ’’ان کہی‘‘ نئے زمانے کے مطابق اسٹیج پر پیش کیا جائے گا۔ اس میں خُوب ناچ گانا بھی ہوگا اور ہنسی مذاق کے سلسلے بھی ہوں گے۔ یہ ایک میوزیکل ڈراما ہے، جس میں کوریو گرافر وہاب شاہ کی صلاحیتوں کا جادو سر چڑھ کر بولے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرٹس کاؤنسل آف پاکستان کراچی میں جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

آمنہ الیاس کا کہنا تھا کہ جب مجھے ’’ان کہی‘‘ کے سب سے مقبول کردار ثناء کے لیے سائن کرنے کو کہا گیا تو میں نے ایک ہی رات میں اس ڈرامے کی ساری اقساط دیکھ ڈالیں۔ مجھے ثناء کے کردار سے پیار ہوگیا۔ ہماری سینئر اداکارہ شہناز شیخ نے اس کردار میں یادگار پرفارمنس دی تھی، جو میرے لیے ایک چیلنج ہے۔

فلم اسٹار آمنہ الیاس نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ’ان کہی‘ کے ذریعے پہلی بار تھیٹر پر متعارف ہو رہی ہوں۔ امید ہے دیکھنے والوں کو میری یہ پرفارمنس پسند آئے گی۔

آمنہ الیاس نے مزید بتایا کہ میں اِن دِنوں بے حد مصروف ہوں۔ ٹی وی کمرشل اور فلموں کی شوٹنگ جاری ہے، گزشتہ برس بھی میری دو تین فلمیں ریلیز ہوئیں۔ آج کل ایک نئی فلم مستانی کی شوٹنگ میں حصہ لے رہی ہوں۔ اس فلم میں میرا کردار مرکزی ہے یہ ایک ایسی لڑکی ہے، جو زندگی میں کچھ بننا چاہتی ہے مگر اسے بے شمار مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ فلم باجی کی مقبولیت کے مبارک بادیں ابھی تک وصول کر رہی ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے ابھی تک ٹی وی، فیشن اور فلم انڈسٹری میں کام کیا ہے۔ تھیٹر پر کام کرنا یقیناً میرے لیے مشکل ہوگا، کیوں کہ اس میں کوئی ری۔ٹیک نہیں ہوتا اور نہ ہی کٹ کی گنجائش ہوتی ہے۔ حسینہ معین کے لکھے ہوئے ڈرامے میں کام کرنا ہر اداکارہ کا خواب ہوتا ہے۔ مجھے بے حد خوشی ہو رہی ہے کہ میں حسینہ آپا کے ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہوں۔

تازہ ترین