• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جھل مگسی، باراتیوں کی بس الٹ گئی، 13 جاں بحق، دولہا دلہن سمیت 40 افراد زخمی

قبوسعیدخان/جھل مگسی/جعفر آباد (نامہ نگار/صباح نیوز/ٹی وی رپورٹ) قبوسعیدخان کے قریب جھل مگسی کے علاقے باریجہ میں باراتیوں سے بھری بس الٹنے سے 13 باراتی جاں بحق، دولہا دلہن سمیت 40 باراتی زخمی ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں اور زخمیوں کو شہدادکوٹ اسپتال منتقل کردیا گیا، خوفناک حادثے میں 6 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے اور 7 زخمیوں نے شہدادکوٹ اسپتال میں دم توڑ دیا۔ بدقسمت خاندان لسبیلہ سے شادی کے بعد دلہن لیکر واپس اپنے شہر مدیجی آرہا تھا کہ موڑ کاٹتے ہوئے ٹائی راڈ ٹوٹنے سے حادثہ پیش آگیا۔ تفصیلات کے مطابق شہدادکوٹ کے قریب بلوچستان کے ضلع جھل مگسی کے علاقے باریجہ میں باراتیوں سے بھری بس موڑ کاٹتے ہوئے ٹائی راڈ ٹوٹنے کے باعث الٹ گئی جس کے نتیجے میں 13 باراتی جاں بحق اور دولہا دلہن سمیت 40 باراتی زخمی ہوگئے ہیں۔ علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو شہدادکوٹ اسپتال منتقل کیا۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ شہدادکوٹ اسپتال لائے گئے۔ 40 زخمیوں میں سے 20 زخمیوں کو شہدادکوٹ اسپتال سے تشویشناک حالت میں لاڑکانہ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ شہدادکوٹ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرکے ڈاکٹروں کی چھٹیاں منسوک کردی گئی۔ حادثے کی اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر جاوید جاگیرانی، ایس ایس پی قمبر شہدادکوٹ کامران نواز اور دیگر افسران اسپتال پہنچ گئے۔

تازہ ترین