• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل کا پاکستان میں انعقاد فینز اور کرکٹرز کو قریب لے آیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تمام میچز کا پاکستان میں انعقاد فینز اور کرکٹرز کو قریب لے آیا۔ کراچی میں ٹیم پشاور زلمی کے پریکٹس سیشن کے دوران فینز کو اپنے فیوریٹ پلیئرز سے ملاقات کا بھرپور موقع ملا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہفتے کو پی ایس ایل ٹیم پشاور زلمی کا ٹریننگ سیشن تھا، اس موقع پر فینز بھی اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم پہنچے، کھلاڑی بھی خوشگوار موڈ میں دکھائی دیے اور فینز کو دل کھول کر سیلفیاں بنانے کا موقع دیا۔

اس دوران ایک مداح بلند آواز میں ویسٹ انڈین اسٹار ڈیرن سیمی سے اپنی محبت کا اظہار کرتا رہا۔

فینز کا کہنا ہے کہ وہ بہت خوش ہیں کہ اس مرتبہ پوری لیگ پاکستان میں ہورہی ہے جس کی وجہ سے انہیں اپنے پسندیدہ پلیئرز کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا ہے۔

پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو میں شرکت کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

20 فروری سے 22 مارچ تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ کے تمام 34 میچز ملک بھر کے 4 مختلف اسٹیڈیمز پر کھیلے جائیں گے۔

پی ایس ایل 2020 کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دو مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا فائنل 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔

ایونٹ کا واحد کوالیفائر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ دونوں ایلیمنٹرز اور فائنل کی میزبانی قذافی اسٹیڈیم لاہور کے سپرد کی گئی ہے۔

34 میچوں پر مشتمل ایونٹ کے 14 میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور، 9 نیشنل اسٹیڈیم کراچی، 8 پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی اور 3 ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

تازہ ترین