• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارا لیڈر پرچی پر نہیں 22سال کی جدوجہد کے بعد آیا، عالیہ حمزہ ملک

ہمارا لیڈر پرچی پر نہیں 22سال کی جدوجہد کے بعد آیا، عالیہ حمزہ ملک


کراچی (ٹی وی رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما عالیہ حمزہ ملک نے کہا ہے کہ ہمارا لیڈر پرچی پر نہیں 22 سال کی جدوجہد کے بعد آیا ہے، پیپلز پارٹی کی رہنما ڈاکٹر شازیہ صوبیہ نے کہا کہ حکومت سلیکٹ ہوکر آئی اور ابھی تک کنٹینر پر ہی موجود ہے، ن لیگ کے رہنما کھیل داس کوہستانی نے کہا کہ حکومتی ترجمان سرکاری خرچ پر پل رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام جیوپارلیمنٹ میں کیا۔ عالیہ حمزہ ملک کا مزیدکہنا تھا کہ راجہ پرویز اشرف سابق وزیر اعظم ہیں لیکن جس طریقے سے وہ ہمارے وزیر اعظم کے خلاف باتیں کررہے تھے کیا یہ باتیں ہم سن سکتے تھے؟اپوزیشن ہم سے معیشت کی بات کرے،ہم پر تنقید کرے اور ہمارا احتساب کرے ،ہم سے کوتاہیاں ہوئی ہونگی جس کا جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے عمران خان کوچھوٹا آدمی کہا اور اس کا جواز انہوں نے یہ دیا کہ وزیر اعظم نے مودی کو چھوٹا آدمی کہا ،میں تو حیران رہ گئی یہ سن کر،مراد سعید نے کیا غلط کہا کہ لاڑکانہ کتوں کی زد میں ہے؟ انہوں نے پارلیمنٹ میں کیا کچھ نہیں کہا ،ہم چور نہیں ہیں اس لئے ہم ڈرتے نہیں ہیں۔وزیر اعظم نے ہمیں کبھی نازیبا الفاظ استعمال کرنے کا نہیں کہا،ہمیں ہمیشہ انہوں نے یہی کہا کہ ثبوت اور اعداد و شمار کے ساتھ بات کریں۔پارلیمنٹ میں حملہ کس نے کیا تھااور عوام کی توجہ کون ہٹاتا ہے؟شہباز شریف اور زرداری صاحب ہیں کہاں،ہمارا لیڈر 22سال کی جدوجہد کے بعد آیا ہے نہ کہ کسی پرچی پر،جب پیپلز پارٹی کے رہنما اپنی عمر سے تین گنا چھوٹے شخص کے آگے ہاتھ باند ھ کرکھڑے ہوتے ہیں تو ہمیں افسوس ہوتا ہے کیونکہ یہ جمہوریت نہیں ہے۔پہلے شہباز شریف کو تو پارلیمنٹ میں بلا لیں،روز کہتے ہیں کہ بجلی مہنگی ہوگئی لیکن کبھی یہ بھی پوچھیں کہ کیوں مہنگی ہوئی،آئی پی پیز کے سودے 25سال کیلئے انہوں نے کیے ہیں ،اصل ٹیکہ وہ تھا۔بلاول بھٹو چھوٹے بچے کی طرح آتے ہیں،تقریر کرتے ہیں اور بھاگ جاتے ہیں،سب سے پہلے ان کی رکنیت معطل ہوگی۔ پیپلز پارٹی کی رہنما ڈاکٹر شازیہ صوبیہ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے صرف یہ کہا تھا کہ اگر آپ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے بی بی کا نام اور تصویر ہٹا دیں تو آپ کے چھوٹے پن کا پتا چلتا ہے ،حکومت سلیکٹ ہوکر آئی ہے اور ابھی تک کنٹینر پر ہی موجود ہے ۔

تازہ ترین