• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علی ظفر کا نوجوان گلوکاروں کیلئے بڑا اقدام

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و گلوکار علی ظفر نے گلوکاری کا شوق رکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک بڑا قدم اٹھالیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر علی ظفر کی جانب سے ایک خط شیئر کیا گیا جس میں علی ظفر کا کہنا تھا کہ وہ اپنے اسٹوڈیو میں نوجوان گلوکاروں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور ان کی رہنمائی و حوصلہ افزائی کرنے کے لیے بطور پروڈیوسر کام کریں گے ۔

گلوکار کا کہنا تھا کہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے وہ ناصرف نئے ٹیلنٹ کوسامنے لائیں گے بلکہ ان کے اس اقدام سے میوزک انڈسٹری کو نیا مواد بھی ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میوزک انڈسٹری میں بہت سے لوگ یہ غلطی کرتے ہیں کہ وہ نئے آنے والوں کے لیے راہیں ہموار نہیں کرتے بلکہ اپنے ہی کام میں مگن رہتے ہیں۔

علی ظفر نے اپنی اس بات کو ایک بار پھر دہراتے ہوئے کہا کہ آپ تب تک ایک اسٹار نہیں بن سکتے جب تک آپ دوسروں کے لئے جگمگانا نہ سیکھ لیں، اپنی روشنی سے دوسروں کو فائدہ پہنچائیں۔

انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ہمارے معاشرے میں آرٹ کی قدردانی کرنے والے بہت کم ہیں اور چند ایک جو ایسا شوق رکھتے ہیں ان کی بھی حوصلہ شکنی کی جاتی ہے۔

علی ظفر کا کہنا تھا کہ ہم ایک ایسا کلچر بنانے میں ناکام رہے ہیں جہاں آرٹ کے دلدادہ لوگوں کے ٹیلنٹ کو پرکھا جائے یا ان کی اس صلاحیت کی تربیت کی جائے اور ان کی ممکنہ استعداد تک پہنچا جائے۔

ان تمام تحفظات کے پیش نظر علی ظفر نے نوجوانوں کے لیے ایک پلیٹ فارم متعارف کروایا ہے جس کے مقاصد میں رواں سال کم از کم 10 نئے آرٹسٹ سامنے لائے جائیں گے جو اپنے گانوں سے موسیقی کے شوقین لوگوں کا دل موہ لینے کی کوشش کریں گے۔

اپنے خط کے آخر میں علی ظفر نے مداحوں سے اپنے مقصد کی بہتر تکمیل کے لیے مشورے بھی مانگے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل علی ظفر نے 12 سالہ عروج کے ساتھ بھی ایک گانا ’لیلی او لیلی‘ ریکارڈ کروایا تھا جسے بےحد پسند کیا گیا تھا۔

تازہ ترین