• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جعلی کولڈ ڈرنک اور گھی کا بڑا ذخیرہ برآمد،تلف کر دیا گیا

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) محکمہ صحت ضلع راولپنڈی نےخیابان سرسید اور پیرودھائی میں جعلی کولڈ ڈرنک اور جعلی گھی کا بڑا ذخیرہ برآمد کرکےتلف کر دیا۔ غیر معیاری اورمضر صحت اشیائے خوردونوش کے خلاف کارروائی میں 20دکانیں سربمہر(سیل) کرنے کے ساتھ 1270دکانوں کے چالان کئے گئے اور ناقص و زائد المیعاد اشیا فروخت کرنے پرمجموعی طور پر8لاکھ روپے سے زائد جرمانہ کیا گیا ۔چھاپہ مار ٹیم نے اعوان مارکیٹ خیابان سرسید میں شیخ مارٹ پر چھاپہ مار کر موسم گرما کے لئے سٹاک کی گئی مشہورکولڈ ڈرنک کی سینکڑوں جعلی بوتلیں اور ٹن پیک قبضہ میں لے کر شیخ مارٹ کو سیل کر دیا جبکہ اعوان کالونی میں گھر میں قائم جعلی دیسی گھی تیار کرنے والی فیکٹری پر چھاپہ مار کربڑی مقدار میں جعلی گھی قبضہ میں لے لیا گیا،فیکٹری مالک کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لئے کاروائی شروع کر دی گئی۔ فوڈ سکواڈ نے جی ٹی روڈ مندرہ پر واقع نیو چوہدری ہوٹل ، سخی لجپال ہوٹل ،الشہباز قندھاری ہوٹل اور کلیام روڈ پر واقع نیو خیبر شنواری تکہ ہائوس کے چالان کر دیئے جبکہ یونائیٹڈ کشمیر فلور ملزاور ڈھوک بہاول خان میں واقع واٹر فیکٹری کے پاس ہائی جین سر ٹیفکیٹ نہ ہونے پر نوٹس جاری کر دیئے گئے ۔
تازہ ترین