• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی ڈی اے بورڈ نے ری اسٹرکچرنگ کی منظوری دیدی

اسلام آ باد( نیو زرپورٹر)سی ڈی اے بورڈ نے سی ڈی اے کی ری اسٹرکچرنگ کی منظوری دیدی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین سی ڈی اے نے کی۔ اجلاس میں وفاقی کابینہ کی طرف سے سی ڈی اے کی ری سٹرکچرنگ (تنظیم نو) کے بارے میں ہونے والے نوٹیفکیشن پر غور کرنے کے بعد ری سٹریکچرنگ کی منظوری کے فیصلے کی روشنی میں سی ڈی اے کی تنظیم نو بشمول اختیارات کی تفویض، نئی تنظیم نو میں افسران کی ذمہ داریوں کے تعین سمیت نئی تنظیم نو کے پیش نظر تمام ضروری انتظامات کو اپنانے کی منظوری دے دی گئی۔ اس ضمن میں چیئرمین سی ڈی اے کے تمام انتظامی اور مالی امور کے اختیارات وائس چیئرمین سی ڈی اے/ مینیجنگ ڈائریکٹر کو تفویض کر دیئے گئے جو سی ڈی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) ہونگے۔ سی ڈی اے کے تمام قوانین، ریگولیشنز، ہدایات، پالیسیوں اور سی ڈی اے کے بائی لاز میں لفظ چیئرمین کی بجائے فوری طور پر وائس چیئرمین CEO/لکھا جائے گا تاہم چیئرمین نئے سی ڈی اے بورڈ کے چیئرمین رہیں گے۔اس طرح سی ڈی اے بورڈ کے موجودہ ممبران کے تمام اختیارات تنظیم نو کے بعد اپنی اپنی ونگ کے ڈائریکٹر جنرلز کو تفویض کر دیئے جائیں گے۔ سی ڈی اے بورڈ کے تمام ممبران کی پوسٹیں جو ماضی میں رکھی گئی تھیں یا نئی بنائی گئی تھیں وہ تمام ختم تصور ہوں گی جبکہ تنظیم نو کے تحت سی ڈی اے کے تمام قوانین، ریگولیشنز، ہدایات پالیسیوں اور سی ڈی اے کے بائی لاز میں لفظ ممبر کو حذف کر کے ڈائریکٹر جنرلزبمعہ تمام انتظامی اور مالی امور کے تصور ہو گا۔ قبل ازیں ممبر ایڈمنسٹریشن جو انتظامی اور مالی امور کے اختیارات استعمال کر رہے تھے وہ تنظیم نو کے بعد ڈی جی (مینجمنٹ) کو دے دیئے گئے ہیں۔ اسی طرح سی ڈی اے میں گریڈ 20 کی دیگر پوسٹوں کو جنرل مینجر میں تبدیل کر دیا گیا ہے ۔ ایک ابہام ابھی باقی ہے کہ سی ڈی اے بورڈ کے انتظامی اختیارات کسے منتقل ہوں گےکیونکہ سی ڈی اے بورڈکا کردار پالیسی سازی تک محدود کر دیا گیا ہے۔بورڈ نے سیکٹر جی نائن بلیو ایریا کی ری پلاننگ کی منظوری بھی دی ۔ ایف نائن پارک کے سامنے اس بلیو ایریا کے انفراسٹرکچرڈویلپمنٹ پلان کی بھی منظوری دی گئی ۔ یہ پلاٹس اوپن آکشن کے ذ ریعے فروخت کئے جائیں گے۔ 17سے19مارچ تک رہائشی اور کمرشل پلاٹوں کی نیلامی ہوگی۔ پولی کلینک ہپستال کو جی الیون مرکز میں پانچ ایکڑ اراضی الاٹ کرنے کی منظوری دی گئی تاکہ ہسپتال کو توسیع دی جا سکے۔ خطیب ،نائب خطیب اور موذن کی ترقی کا کیس وزارت مذہبی امور کو ریفر کیا گیا ہے۔ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کو اضافی بجٹ دینے کی منظوری دی گئی ۔ٹریژر امجد سلیم کی ملازمت میں تین ماہ کی توسیع کی منظوری دی گئی ۔ سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کی طرف سے اسلام آباد کے زون IV-،موضع موجوھان، کری روڈ پر ہاؤسنگ سکیم کے لیے NOC کی درخواست کی بھی منظوری دی گئی تاہم یہ منظوری پاکستان انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کی طرف سے کلیئرنس سے مشروط کی گئی ۔
تازہ ترین