• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل 5: کوئٹہ نے اسلام آباد کو ہرا دیا


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 5 کے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 3 وکٹوں سے ہرا دیا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 169 رنز کا ہدف دیا تھا جسے کوئٹہ نے 18 اعشاریہ 3 اوور میں عبورکرلیا۔

محمد حسنین کو میچ میں 4 وکٹ حاصل کرنے پر مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

کوئٹہ کی جانب سے کھیل کا آغاز شین واٹسن اور جیسن رائے نے کیا مگر اسلام آباد کے محمد موسیٰ نے جیسن رائے کو بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹا دیا، گلیڈی ایٹرز کے دوسرے اوپنر واٹسن بھی 20 کے مجموعہ پر آؤٹ ہو گئے جبکہ 26 رنز پر کوئٹہ کی تیسری وکٹ احمد شہزاد کی شکل میں گری۔

اس کے بعد کپتان سرفراز احمد اور اعظم خان نے ٹیم کا اسکور 88 پر پہنچایا تو سرفراز احمد 21 رنز بنا کر عماد بٹ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ اعظم خان شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 128 رنز تک لے گئے۔ انہوں نے 33 گیندوں پر 59 رنز بنائے۔ محمد نواز نے دھواں دھار بیٹنگ کی، انہوں نے 13 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنائے۔

اعظم خان، بین کٹنگ اور محمد نواز نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ بین کٹنگ نے میچ کا اختتام چھکا لگا کر کیا، کٹنگ نے 12 گیندوں پر 22 رنز کی اننگ کھیلی اور ناقابل شکست رہے۔

اسلام آباد کی جانب سے محمد موسیٰ سب سے نمایاں بولر رہے انہوں نے کوئٹہ کے 3 شکار کیے۔

قبل ازیں گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ سرفراز احمد کا یہ فیصلہ درست ثابت ہوا اور اننگ کی پہلی ہی گیند پر محمد نواز نے جارح مزاج کولن منرو کو آؤٹ کردیا۔

اس کے بعد لیوک رونکی اور ڈیوڈ ملان نے ٹیم کو سہارا دیا لیکن رونکی 38 کے مجموعے پر 23 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

ڈیوڈ ملان نے اس کے بعد ٹیم کا اسکور 106 تک پہنچایا ،ایسا محسوس ہورہا تھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم بڑا اسکور کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔تاہم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولر محمد حسنین نے حریف ٹیم کے کھلاڑیوں کی ایک نہ چلنے دی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 127 رنز کے اسکور تک حسین طلعت، کولنگ انگرام اور ڈیوڈ ملان جیسے بیٹسمینوںسے محروم ہوچکی تھی۔

آصف علی اور فہیم اشرف نے بالترتیب 19 اور 20 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا۔

محمد حسنین اور بین کٹنگ کی شاندار بولنگ کی بدولت یونائیٹڈ 168 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے ڈیوڈ ملان نے 64 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کوئٹہ کی جانب سے محمد حسنین نے 4 اور بین کٹنگ نے 3 وکٹیں لیں۔

تازہ ترین