• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلوی کرکٹر نے کامران اکمل کو پی ایس ایل کا بہترین کھلاڑی قرار دے دیا

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر فواد احمد نے پشاور زلمی کے کامران اکمل کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا بہترین کھلاڑی قرار دے دیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد احمد نے کہا کہ پشاور زلمی نے ہمیں ہر شعبے میں آؤٹ کلاس کردیا۔

واضح رہے کہ پشاور زلمی نے کامران اکمل کی شاندار سنچری کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

اس شکست پر فواد احمد کا کہنا تھا کہ کامران اکمل ہدف کے تعاقب میں بہت اچھا کھیلے، گلیڈی ایٹرز کے جیسن رائے نے پورے 20 اوورز کھیلے لیکن ٹیم بورڈ پر بڑا اسکور نہ سجا سکی۔

آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا کہ یہاں کی کنڈیشنز سے پاکستانی پلیئرز کو کافی فائدہ ہوگا۔

انہوں نے کامران اکمل کو پی ایس ایل کا بہترین کھلاڑی قرار دے دیا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ میں نے کوئی برا گیند کیا، لیکن کامران نے کمال کھیلا۔ ایسا لگ رہا تھا  کہ میچ 13 اوور میں ہی ختم ہوجائے گا۔ 

اسٹیڈیم میں شائقین کی تعداد سے متعلق سوال کے جواب میں فواد نے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ اسٹیڈیم میں لوگ کم تھے، ہم دن کے وقت کھیل رہے تھے اس وقت میں اکثر لوگ اپنے کاموں میں مصروف ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا اگر یہی میچ 7 بجے ہوگا تو اور بھی زیادہ لوگ اسٹیڈیم آئیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ آسٹریلیا میں دن کے میچز صرف ہفتے اور اتوار کو ہی ہوتے ہیں۔

فواد نے تجویز دی کہ ایک دن میں دو میچز صرف چھٹی والے دن ہی ہوں تو اچھے ہیں، ورکنگ ڈے میں صرف شام کے میچز رکھے جائیں۔

آسٹریلوی کرکٹر نے کہا کہ کوئی فرق نہیں پڑتا کہ اگر ٹورنامنٹ کے تین چار روز بڑھ جاتے۔

ایونٹ کی افتتاحی تقریب سے متعلق انہوں نے کہا کہ افتتاحی تقریب اگر ویک اینڈ پر ہوتی تو اچھا ہوتا۔

فواد احمد نے غیر ملکی کھلاڑیوں کے لیے پاکستان سپر لیگ میں مہیا کیے گئے اسٹینڈرڈ کو اعلیٰ معیار کا قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ چھ ٹیموں کا ٹورنامنٹ کافی اچھا ہے۔ یہاں غیرملکی کھلاڑیوں کے حساب سے بھی اچھا اسٹینڈرڈ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں مشکل مقابلہ ہے، یہاں اچھے اچھے کھلاڑیوں کو بھی مشکل پڑ جاتی ہے۔

حال ہی میں معطل کیے گئے عمر اکمل سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ دوسرے کھلاڑی کو عمر اکمل سے تبدیل کرنا آسان نہیں وہ ایک بہترین کھلاڑی ہے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ عمر اکمل کا نہ ہونا ٹیم کے لیے نقصان دہ ہے۔

فواد احمد نے کہا کہ کرکٹ کو کرپشن سے پاک رکھنا اچھی بات ہے،  نئے کھلاڑیوں کو اس طرح کی چیزوں سے بچنے کی آگاہی دینا اور ان کی ذہنی تربیت ضروری ہے۔

تازہ ترین