• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیو فلمز کی پیش کش ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ عید پر ریلیز ہوگی


پاکستانی فلم بینوں کا انتظار ختم ہوا کیونکہ جیو فلمز کے تحت 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا ہے۔

دی لیجنڈ آف مولا جٹ کا پہلا ٹریلر جاری ہونے کے بعد سے ہی شائقین فلم کی ریلیز کا شدت سے انتظار کر رہے تھے اور فلم کے ٹریلر میں فواد خان اور حمزہ عباسی کی موجودگی نے فلم بینوں کے تجسس کو مزید بڑھا دیا تھا۔

جیو فلمز کے تحت دی لیجنڈ آف مولا جٹ عید الفطر کے موقع پر ملک کے تمام سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

فلم کے ہدایت کار بلال لاشاری ہیں جب کہ اداکاروں میں فواد خان، حمزہ عباسی، ماہرہ خان، حمیمہ ملک اور گوہر رشید جیسے بڑے نام شامل ہیں۔

ان کے علاوہ فارس شفیع، شفقت چیمہ اور نیر اعجاز نے بھی فلم میں اہم کردار ادا کیے ہیں۔

دی لیجنڈ آف مولا جٹ بجٹ کے لحاظ سے پاکستانی تاریخ کی سب سے بڑی فلم ہے جو کہ انسائیکلومیڈیا اور لاشاری فلمز کے بینر تلے تیار کی گئی ہے۔

فلم پروڈیوسر عمارہ حکمت ہیں، فلم کے ہدایت کار بلال لاشاری ہیں اور اسکرپٹ ناصر ادیب نے تحریر کیا۔

اس فلم میں ٹیلی ویژن کی معروف جوڑی فواد خان اور ماہرہ خان 2011 کے مشہور ڈرامے ہمسفر کے بعد ایک مرتبہ پھر رومانوی کرداروں میں نظر آئیں گے۔

جیو فلمز کی ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ عید پر ریلیز ہوگی
فلم پروڈیوسر عمارہ حکمت ہیں، فلم کے ہدایت کار بلال لاشاری ہیں اور اسکرپٹ ناصر ادیب نے تحریر کیا۔

خیال رہے کہ یہ فلم مداحوں میں اس وقت ہی مقبول ہوگئی تھی جب یہ بتایا گیا کہ اس میں ماضی کے معروف کرداروں مولا جٹ اور نوری نتھ کے دور کی عکاسی کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ بالی ووڈ میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے والے فواد خان کی پاکستان میں یہ دوسری فلم ہے۔ انہوں نے اس سے قبل شعیب منصور کی ’فلم خدا کے لیے‘ میں کام کیا تھا جب کہ ماہرہ خان نے اس دوران بالی ووڈ کے ساتھ ساتھ پاکستانی فلموں بول، بن روئے، ہو من جہاں ، ورنا اور سات دن محبت ان میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار انوراگ کشیپ بھی فلم کے ٹریلر کو سراہتے ہوئے ٹوئٹر پر کہہ چکے ہیں کہ مولا جٹ واپس آچکا ہے اور اس بار یہ فواد خان ہیں۔

تازہ ترین