وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ کشمیر کی اہمیت سے کوئی انکار نہیں کر سکتا، بھارت خطے میں امن کے فروغ کے لیے ہاتھ بڑھائے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورۂ بھارت کے حوالے سے ’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تاحال لاک ڈاؤن ہے۔
انہوں نے کہاکہ کہ ایسی صورت میں بات آگے نہیں بڑھ سکتی، خطے کے امن و استحکام میں پاکستان کے کردار کو دنیا سراہ رہی ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کشمیر کے مسئلے پر بھارتی قیادت سے ضرور بات کریں گے۔
یہ بھی پڑھیئے: ٹرمپ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے، شاہ محمود
انہوں نے کہا کہ بھارت کو اپنے رویے اور پالیسی پر نظرِ ثانی کرنی ہو گی، ٹرمپ کا بھارت میں پاکستان کی تعریف کا بیان خوش آئند ہے۔
وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان سے متعلق امریکا کے مؤقف میں خوش گوار تبدیلی آئی ہے، بھارت اور پاکستان میں امن و استحکام کشمیر کے حل سے ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ بھارتی سرکار نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے معاملے کو مزید الجھایا، دہشت گردی کو شکست دینے میں افواجِ پاکستان کی کاوشیں قابلِ مثال ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کا کردار سب کے سامنے ہے، امریکی صدر کو تشویش ہے کہ مسئلہ کشمیر پر دو ایٹمی قوتیں آمنے سامنے ہیں۔
یہ بھی پڑھیئے: شاہ محمود سے ملاقات خوش آئند رہی، پومپیو
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمجھتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان کوئی بھی تنازع پوری دنیا کو متاثر کر سکتا ہے۔