• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین، 24 گھنٹوں میں کورونا سے 2 ہزار صحتیاب، 31 ہلاک

چین میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی صحت یابی کی شرح بڑھنے لگی، 24 گھنٹوں میں 2 ہزار سے زائد افراد صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ گئے۔

کورونا وائرس سے چین میں مزید 31 افراد کی ہلاکتوں کے بعد اب تک ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

چین کے شہر ووہان میں کورونا وائرس سے متاثرہ نصف مریض صحت یاب ہو گئے، جنہیں اسپتالوں سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔

طبی حکام کے مطابق چین میں 119 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 80 ہزار 409 ہوگئی ہے، وائرس سے متاثرہ 25 ہزار 352 افراد کا علاج جاری ہے جبکہ اب تک 52 ہزار سے زائد صحت یاب ہو کر اسپتالوں سے ڈسچارج کیے جا چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: چین، کورونا کے نئے کیسز میں کمی آنے لگی

چین کو کورونا وائرس پر قابو پانے میں کامیابی ملی ہے مگر یہ وائرس 84 ملکوں تک پھیل چکا ہے، جس سے دنیا بھر میں 3 ہزار 2 سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ متاثرہ فراد کی تعداد 94 ہزار 907 ہو گئی ہے۔

چین سے باہر کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیس جنوبی کوریا میں رپورٹ ہوئے ہیں، جہاں 145 نئے کیسز کی تصدیق کے بعد تعداد 5 ہزار 766 ہو گئی۔

جنوبی کوریا میں پھیلنے والے وائرس کی وجہ سےاب تک 36 ملک جنوبی کوریا کا دورہ کرنے والے افراد کے اپنے ملک میں داخلے پر پابندی لگا چکے ہیں۔

کورونا وائرس سے اٹلی میں 107، ایران میں 92، جنوبی کوریا میں 35، جاپان میں 12، امریکا میں 11، فرانس میں 4، ہانگ کانگ، اسپین، عراق، آسٹریلیا میں2، 2 افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں جبکہ تائیوان، تھائی لینڈ اور فلپائن میں اس وائرس سے ایک ایک شخص کی ہلاکت سامنے آئی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: ثانیہ مرزا کا کورونا وائرس سے متعلق آگاہی پیغام

امریکی ریاست کیلی فورنیا میں 35 کیسز سامنے آنے کے بعد ہنگامی صورتِ حال نافذ کر دی گئی ہے، امریکا میں فوجیوں کی اسکریننگ شروع کر دی گئی ہے۔

کورونا وائرس سے اموات کے حوالے سے دوسرے نمبر پر آنے والے ملک اٹلی میں تمام کھیلوں کے مقابلے بغیر شائقین کے کرانے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ تمام تعلیمی ادارے بھی بند کر دیئے گئے ہیں۔

برطانیہ میں کئی عالمی کمپنیوں کے دفاتر بند ہیں، لندن کا سالانہ کتاب میلہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔

تازہ ترین