حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، 18اداروں کی نجکاری کرنی ہے، ان میں سے 14اداروں کے فنانشل ایڈوئزر مقرر کردیئے گئے ہیں، اسٹیل مل کا بھی فنانشل ایڈوائزر مقرر کیا جارہا ہے اور چند ماہ میں اس کی بھی نجکاری کردیں گے، عمران خان نے خود کہا ہے کہ آٹا چینی کی بلیک مارکیٹنگ اور کرپشن کی رپورٹ عوام میں لائیں گے اور جو بھی اس میں ملوث ہوگا اس کے خلاف کارروائی کریں گے۔ قاسم آباد میں سماجی تنظیم کے دفتر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے محمد میاں سومرو نے مزید کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد امن و امان، تعلیم، صحت اور دیگر معاملات صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہیں، وفاقی حکومت ان کے ساتھ تعاون کرتی ہے، وفاقی حکومت صوبوں کے معاملات میں مداخلت کرسکتی ہے لیکن پہلے یہ دیکھنا ہوگا کہ صوبے کیا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نہ صرف یہ اپنی مدت پوری کریں گے بلکہ آئندہ بھی کئی مدتیں پوری کریں گے، سیاسی ہلچل ہوتی ہے، ہر پارٹی اپنے روابط رکھتی ہے اور وہ سیاسی جماعتوں سے ملاقاتیں کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عورت مارچ بین الاقوامی طورپر ہر سال منایا جاتا ہے اور اس سال بھی منایا جارہا ہے، پاکستان میں مرد، خواتین اور اقلیتوں کو ان کے حقوق دیئے جارہے ہیں۔