• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انٹارکٹکا کورونا سے محفوظ خطہ، اٹلی میں لاک ڈاؤن

انٹارکٹکا کورونا سے محفوظ خطہ، اٹلی میں لاک ڈاؤن


ماہرین نے دنیا میں صرف انٹارکٹکا کو کورونا وائرس سے اب تک محفوظ خطہ قرار دیا ہے، اس وائرس سے یورپ میں اٹلی سب سے زیادہ متاثر ہے، جہاں ایک ہی دن میں اس نے مزید 97 افراد کی جان لے لی۔

ان ہلاکتوں کے بعد اٹلی میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 463 ہو گئی ہےجبکہ کورونا کے مزید ایک ہزار 797 مریض سامنے آ گئے ہیں۔

اٹلی کے وزیرِ اعظم نے پورے ملک کو لاک ڈاؤن کرنے کا اعلان کر دیا ہے، اجتماعات پر پابندی لگا دی گئی ہے، جس کے بعد اٹلی کرونا کے سبب پورے ملک میں لاک ڈاؤن کرنے والا پہلاملک بن گیا ہے ۔

کورونا وائرس 115 ملکوں میں پھیل چکا ہے، ماہرین کے مطابق اس وقت کرۂ ارض پر صرف انٹارکٹکا وہ خطہ ہے جہاں کورونا وائرس کے مریض سامنے نہیں آئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: کورونا وائرس، اٹلی میں تماشائیوں کے اسٹیڈیم آنے پر پابندی

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے اب تک ایک لاکھ 14 ہزار سے زائد مریض سامنے آئے ہیں، 4 ہزار سے زائد مریض ہلاک ہوئے اور 63 ہزار صحت یاب ہو چکے ہیں۔

چین میں کورونا وائرس سے مزید 17 ہلاکتوں کے بعد کل ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 136 ہو گئی ہے، جبکہ 19 نئے کیس سامنے آنے کے بعد کل کیسز کی تعداد 80 ہزار 754 ہو گئی۔

چین میں 24 گھنٹوں میں وائرس سے متاثرہ 1 ہزار 297 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں، جس کے بعد وہاں صحت یاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 59 ہزار 897 ہو گئی، چین کے اسپتالوں میں اس وقت17 ہزار 797 افراد زیرِ علاج ہیں۔

ایران میں کورونا وائرس سے مزید 43 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد وہاں اب تک کل ہلاکتوں کی تعداد میں 237 ہو گئی، جبکہ 595 نئے مریض سامنے آ گئے۔

یہ بھی پڑھیئے: کورونا وائرس سے اٹلی اور ایران میں ہلاکتوں میں اضافہ

امریکا میں کورونا وائرس سے 22 افراد ہلاک ہوئے ہیں، جبکہ اس وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 717 ہو گئی، ریاست واشنگٹن کے نرسنگ مرکز میں 60 فیصد افراد کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت نکلا ہے۔

امریکا میں کورونا وائرس کے پیشِ نظر بیشتر اسکولز اور جامعات سیمسٹر جلد ختم کر رہی ہیں یا آن لائن کلاسز شروع کر دی گئی ہیں۔

امریکا کے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت کر دی ہے، جس کے بعد ایس ای سی ملازمین کو گھروں سے کام کی اجازت دینے والا امریکا کا پہلا وفاقی ادارہ بن گیا ہے۔

کورونا وائرس سے جنوبی کوریا میں 54 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ وہاں اس وائرس کے 131 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد ساڑھے 7 ہزار ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیئے: دنیا بھر میں کورونا سے 4 ہزار اموات ہوگئیں

کورونا وائرس سے جاپان میں 16، عراق میں 7، برطانیہ میں 5، ہانگ کانگ اور آسٹریلیا میں 3، 3، فلپائن، نیدر لینڈز، سوئٹزر لینڈ، ارجنٹینا، مصر، تائیوان اور تھائی لینڈ میں ایک ایک اموات ہوئی ہیں۔

فرانس میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں 30 ہو گئیں جبکہ فرانسیسی وزیرِ ثقافت بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیئے: کورونا وائرس، طبی ماہرین کے انتہائی مفید مشورے

جرمنی میں کورونا وائرس سے 2 افراد ہلاک اور متاثرہ افراد کی تعداد 1 ہزار 176 ہو گئی، کینیڈا میں اس وائرس سے پہلی ہلاکت سامنے آئی ہے۔

اسپین میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں 30 ہو گئیں جبکہ اس وائرس کے کل مریضوں کی تعداد ایک ہزار 204 ہو گئی، ہسپانوی ریجن میڈریڈ میں اسکول اور جامعات 2 ہفتے کے لیے معطل کر دی گئی ہیں۔

پاناما اور منگولیا میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آ گیا۔

یونان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 84 اور ناروے میں 205 ہو گئی۔

تازہ ترین