• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اگر آپ کے ذہن میں کچن کی تزئین و آرائش کا خیال سمایا ہوا ہے یا آپ اپنے خوابوں کا گھر تعمیر کرنے جارہے ہیں تو یقیناً اپنے کچن کو ہر طرح سے کامل بنانے کیلئے بہت پُرجوش ہوںگے۔ حقیقت یہ ہے کہ کچن کو ڈیزائن کرنا اتنا آسان نہیں او ر سب سے اہم یہ کہ کچن عموماً ویسے بھی خاتون خانہ کی ملکیت سمجھا جاتا ہے اور بعض گھرانوں میں تو وہاں مرد حضرات کا داخلہ ممنوع ہوتاہے، لہٰذا کچن کی تزئین و آرائش کرتے ہوئے اسے خاتون خانہ کی صوابدید پر ڈیزائن کیا جائے، ایسا کرنے سے زندگی بھر کا چین و سکون آپ کے گھر کی زینت بنے گا۔ 

یہ بات کچھ حد تک ٹھیک ہے کہ الیکٹرانک اپلائنسز کی بھرمار نے کچن کے روایتی حسن کو بدل کر رکھ دیا ہے، تاہم نت نئے اپلائنسز کے ساتھ کچن کو دلکش اور رنگا رنگ بنایا جاسکتا ہے۔ آجکل ویسے بھی نت نئے ٹرینڈز متعارف کروائے جاچکے ہیں، آپ کو اپنی سہولت اور شخصیت کے مطابق جو ٹرینڈ پسند آئے، اس کا انتخاب کریں۔ ان ٹرینڈز میں زیادہ رنگ، ڈرامائی آئی لینڈ اور پیٹرنز کی نئے انداز میںواپسی ہوئی ہے۔ آئیے جانتے ہیں کہ آپ رواں سال اپنے کچن کیلئے کونسے ٹرینڈز کا انتخاب کرسکتے ہیں۔

ملینیل پیسٹلز

ملینیل پیسٹلز (Millennial Pastels) کے ڈیزائن میں کچن کیبنٹس پر توجہ مرکوز کی جاتی ہے، خاص طور پر ان کے رنگوں کو ملحوظِ خاطر رکھا جاتاہے۔ اگرچہ گزشتہ چند سال سے سفید ی مائل بھورا اور نیوی رنگ کچن کا حصہ رہے ہیں، تاہم اب مستقبل روشن رنگوں کاہے۔ اُبھرتے ہوئے انٹیریئر ڈیزائنرز کچن کیلئے ایک بٹرکریم فراسٹنگ پنک (Buttercream-frosting pink)رنگ کا انتخاب کرنے کے بارے میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کرتے۔ وہ کچن کو فریش لُک دینے کیلئے اوپر والے شیلف میں پودینے کا پودا لگانے کی بھی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، اس طرح خوبصورتی کے ساتھ گھر میں ہی پودینہ دستیاب ہوجاتا ہے۔

فاکس فارم ہاؤس

دیہی اسٹائل کو جدید دور کا رنگ دیاجائےتو ایک دلکش ڈیزائن فاکس فارم ہائوس (Faux Farmhouse) سامنے آتاہے۔ اس میں فارم ہاؤس کی طرز پر لکڑی کے بیم اور دیہی انداز کا فرنیچر کچن کی خوبصورتی میں چار چاند لگا دیتے ہیں۔ کچن میں فرنیچر کے طور پر سنگل الماری یا آئی لینڈ طرز کا کائونٹر سہولت دینے کے ساتھ ساتھ اس کی دلکشی کو بھی بڑھاتا ہے۔

ٹیکسچرڈ گلاس کی واپسی

دھاریوں والے دھندلے شیشے (Reeded Glass)کے ڈیزائن والی کیبنٹس کی واپسی ہوئی ہے ۔ ان دھندلے شیشوں میں سے برتن نظر بھی آتے ہیں اور نہیں بھی۔ ٹیکسچرڈ گلا س والی الماری یا کیبنٹس میں برتن گرد و غبار اور حشرات الارض سے بھی محفوظ رہتے ہیں۔

کم گہری رنگت والی لکڑی

ہم نے گہرے زرد رنگوں والی لکڑی(Blond woods)سے مزین کچن تو دیکھے ہیں، لیکن کم گہری رنگت والی (Mid-Tone Woods)اخروٹی لکڑی ، جس کےساتھ ہلکے سیاہ شیڈ ز ہوں، سے بنا کچن کا فرش، کائونٹرز اور کیبنٹس ایک زبردست اسکینڈے نیوین لُک سامنے لاتے ہیں۔کچن کو فریش لُک دینے کیلئے فرش کی چمک اور ہارڈ ویئر کا استعمال کم سے کم رکھیں۔

ہائبرڈآئی لینڈز

ہائبرڈآئی لینڈز (Hybrid Islands) والے کچن میں کھانا پینا عام سی بات ہے، توکیوںنہ کچن کو ہائبرڈ ڈائننگ ٹیبل سے مزین کردیا جائے؟ یہ کچن کی افادیت بڑھا دے گی یعنی کھانے کے برتنوں اور ڈشز کو ڈائننگ روم تک لے جانے کے بجائے اس ہائبر ڈائننگ ٹیبل کے پاس رکھے اسٹول پر بیٹھ کر کھانا کھایا جاسکتا ہے۔ اس آپشن کے ذریعے خاتون خانہ کو سہولت اور آرام دونوں مل جاتے ہیں۔

ٹائل رنرز

دیوار کو مکمل طور پر ٹائلز سے مزین کرنا ایک مقبول رجحان رہا ہے، لیکن اس میں کوئی قاعدہ نہیں ہے کہ آپ دیگر چیزوں کو مکس نہیں کرسکتے۔ ٹائل رنرز(Tile Runners) میں رنگ برنگے پروکلین ٹائلز سے بنی دائروں والی دیوار کچن میں ٹیبل رنرزکی طرح انفرادیت لاسکتی ہے اور ہمیں ایک ایک صاف ستھرے ، جدید بیک ڈراپ کے ساتھ اپنا کچن مل سکتاہے ۔

قدرتی حسن

صنعتی تنصیبات سے لے کر نازک اور دیدہ زیب ڈیزائن والی اشیا کی تنصیب نے کچن کی ہیئت ہی بدل کر رکھ دی ہےاور ہمیں حیرت انگیزڈیزائنز دیکھنے کو ملتے ہیں۔ ارتقاء کے اگلے مرحلے میں قدرتی مٹیریل سے بُنے ہوئے شیڈز (روشنیوں کے ) کا ٹرینڈ واپس آگیا ہے۔ آپ اپنے کچن میں قدرتی لکڑی یا چھاج سے بنی ٹوکری کچن کائونٹر یا آئی لینڈ کے اوپر لٹکا سکتے ہیں، جس سے چھن کر آنے والی روشنی کچن کے ماحول کو معنی خیز بنا دے گی۔

کنٹورنگ

اپنے کچن کی خوبصورت انداز میں کنٹورنگ (Contouring) کریں۔ اس کے لیے دروازوں کے ساتھ کیبنٹس کے فریم کا کنٹراسٹ ایسے بنائیں جیسے خواتین اپنے چہرے کی کنٹورنگ کرتی ہیں، یعنی پنک آئی لینڈ کیبنٹس کے ساتھ سفید یا برائون الماریاں خوبصورت تاثر دیں گی۔ اس طرح ایک وضع دار اور اعلیٰ طرز کا کچن سامنے آئے گا۔

تازہ ترین