• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شوہر کی رہائی کے بعد ماریہ بی کا ویڈیو پیغام


لاہور میں مقیم معروف ڈیزائنر ماریہ بی کے شوہر طاہر سعید کو کورونا وائرس پھیلانے کے الزام میں نشتر کالونی پولیس نے گرفتار کرلیا تھا جو فی الحال ضمانت پر رہا ہوگئے ہیں۔

طاہر سعید نے گھریلو ملازم کو کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے باوجود اسپتال  داخل کرانے کی بجائے مریض کو اس کے گاؤں وہاڑی بھجوا دیا تھا۔

اطلاع ملتے ہی پولیس نے طاہر سعید کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا اور بعد ازاں ضمانت پر رہا کر دیا جبکہ کورونا کے مریض عمر فاروق کو وہاڑی سے ریسکیو کر کے میو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

شوہر کی گرفتاری کے بعد ماریہ بی  کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ روتے ہوئے پنجاب پولیس کی کارروائی اور سسٹم کو تنقید کا نشانہ بناتی نظر آئیں اور اپنے شوہر کے لیے انصاف کا مطالبہ کرتی نظر آئیں۔

شوہر کی رہائی کے بعد ماریہ بی اور ان کے شوہر کی جانب سے 19منٹ سے زائد کا ایک ویڈیو پیغام سامنے آیا ہے جس میں وہ عمران خان اور پاک فوج کی شکر گزار ہیں جبکہ پولیس کو تنقید کا نشانہ بنارہی ہیں۔

ویڈیو میں ماریہ بی اور ان کے شوہر نے اس تمام معاملے پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہم پر بے بنیاد الزام لگا کر رات 12 بجے پولیس نے چھاپہ مار کر طاہر سعید کو گرفتار کیا۔

ماریہ بی اور ان کے شوہر نے بتایا کہ ملازم کو انہوں نے احتیاطی تدابیر اور سیلف آئیسولیشن کے حوالے سے تمام تر تاکید کر کے اسے گھر کے لیے روانہ کیا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ملازم کو انہوں نے تنخواہ اور اضافی رقم تھمائی اور ملازم کی خواہش پر پرائیوٹ گاڑی میں گھر روانہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی پوری فیملی نے کورونا ٹیسٹ کروائیں ہیں جو منفی ہیں۔

دوسری جانب ڈیزائنر کے اس اقدام پر سوشل میڈیا پر ملے جلے تبصرے سامنے آرہے ہیں۔

تازہ ترین