• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مالدیپ میں پرتعیش سہولتوں کا حامل جزیرہ قرنطینہ مرکز میں تبدیل

کراچی (نیوز ڈیسک) کورونا وائرس کی وجہ سے مالدیپ نے اپنے ایک سابقہ جزیرے کو قرنطینہ مرکز بنانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ جزیرہ ماضی میں سیاحوں کیلئے پرتعیش سہولتیں فراہم کرنے کیلئے پہچانا جاتا تھا لیکن اب دارالحکومت سے تقریباً 30؍ کلومیٹر دور اس جزیرے ’’ویلیوارو‘‘ کو کورونا وائرس کے متاثرین کو قرنطینہ میں رکھنے کیلئے استعمال کیا جائےگا۔ 1980ء اور 1990ء کی دہائی میں یہ جزیرہ سیاحوں میں بہت مقبول تھا، تاہم اب گزشتہ کئی برسوں سے یہ زیر استعمال نہیں ہے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، حکومت نے صرف 10؍ دن میں اس جزیرے کو قرنطینہ مرکز میں تبدیل کردیا جہاں 30؍ ایئر کنڈیشنڈ کمرے ہین جن میں سے ہر ایک میں کھانا پہنچانے کیلئے رُوم سروس، بڑا ٹی وی بھی ہے۔ اس کے علاوہ، متاثرین کے مفت علاج کیلئے ڈاکٹرز ہمہ وقت موجود رہیں گے۔ جزیرے پر تیمارداری کیلئے کسی کو بھی آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ مالدیپ کے وزیر برائے سیاحت علی وحید کے مطابق، کورونا متاثرین کیلئے مجموعی طور پر 1158؍ کمرے ہیں جن میں 2288؍ بستر موجود ہیں۔
تازہ ترین