• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راشن پہنچانے کے پروگرام کو آئندہ ہفتے حتمی شکل دی جائے گی، ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز

حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر مستحقین کے گھروں تک راشن پہنچانے کے پروگرام کو حتمی شکل آئندہ ہفتے تک دی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن عمر لودھی نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ریلیف پیکج کے تحت مزدوروں، یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں کو راشن دینے پر کام ہو رہا ہے۔

ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز نے بتایا کہ آئندہ ہفتے کے دوران اس پیکج کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔

عمر لودھی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈیٹا انٹری کے لیے پورٹل تیار کرنے کی تجویز پر بھی کام ہو رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے پر وزیراعظم عمران خان کے احکامات کے مطابق عمل درآمد کیا جائے گا۔

ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز کے مطابق منصوبے میں ڈیلی ویجز پر کام کرنے والوں اور مزدوروں کو ترجیح دی جائے گی۔

عمر لودھی کا کہنا تھا کہ مزدور، قلی،  ڈیلی ویجرز کا کام متاثر ہوا ہے انہیں گھر کی دہلیز پر راشن دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز سے ماہانہ تین ہزار کا راشن فراہم کیا جائے گا۔

ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز کے مطابق وزیراعظم کی طرف سے 50 ارب کے پیکیج کا فنڈ اس میں استعمال ہو گا۔

عمر لودھی نے بتایا کہ مفت راشن کے لیے حکومتی سطح پر تیار کردہ ڈیٹا سے مدد لی جائے گی۔

تازہ ترین