• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں واقع یو زیڈ اسپتال کے شعبۂ ریڈیالوجی کا کہنا ہے کہ بیلجیئم میں 8 فیصد لوگ ایسے ہیں جن میں بیماری کی کوئی ایک بھی علامت نہیں لیکن یہ کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔

برسلز کی جیٹ کمیون میں واقع فری یونیورسٹی کے ساتھ منسلک یو زیڈ اسپتال کی یہ تحقیق اس وقت سامنے آئی جب اسپتال نے اپنے اسٹاف کے تحفظ کے لیے ایک غیر معمولی طریقہ اپنایا اور ہر آنے والے نئے مریضوں کے پھیپھڑوں کا اسکین شروع کر دیا۔

اسپتال کے شعبۂ ریڈیالوجی کے پروفیسر جان ڈی مے کے مطابق ہم نے جب 50 مریض اسکین کیے تو معلوم ہوا کہ ان میں سے 5 کورونا وائرس کا شکار ہو چکے تھے، اس کے بعد ان کا دوبارہ عام کورونا ٹیسٹ کیا گیا جس میں اس بات کی مزید تصدیق ہوگئی، لیکن اہم بات یہ تھی کہ ان میں بظاہر بیماری کی کوئی ایک علامت بھی نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ اس حقیقت کے سامنے آنے کے بعد اسپتال انتظامیہ نے داخل مریضوں کے بھی ترتیب میں کورونا ٹیسٹ شروع کر دیئے ہیں تاکہ عملے اور وائرس سے اب تک غیر متاثرہ مریضوں کی حفاظت کی جا سکے۔

دوسری جانب بیلجیئن فیڈرل ہیلتھ منسٹری کے مطابق بیلجیئم میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 78 افراد کورونا وائرس کے سبب ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد 431 ہو گئی ہے۔

اسی طرح گزشتہ 24 گھنٹے میں 1702 نئے افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد بیلجیئم میں کورونا وائرس سے اب تک متاثرہ مریضوں کی تعداد 10836 تک جا پہنچی ہے، اسی دوران 629 نئے مریضوں کو ملک کے مختلف اسپتالوں میں بھی منتقل کیا گیا ہے۔

تازہ ترین