اسلام آباد (فاروق اقدس) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت کے آبی جارحیت سے پاکستانی کی غذائی سکیورٹی کو خطرہ ہے،بھارت کا حالیہ اقدام پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی واضح مثال ہے، بھارت کا غیرقانونی اور غیرذمہ دارانہ طرزِ عمل پاکستان میں انسانی بحران کو جنم دے سکتا ہے،اگر بھارت کو بلا روک ٹوک معاہدے کی خلاف ورزی کی اجازت دی گئی تو ایک انتہائی خطرناک نظیر قائم کریگا، بھارت کے جارحانہ آبی اقدامات سے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو سنگین خطرات لاحق ہیں، عالمی برادری نوٹس لے، جبکہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق ماہرین کی بھارت سے متعلق رپورٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ نے بھارت کے غیرذمہ دارانہ ریاستی طرزعمل کو بے نقاب کردیا، پانی روکنا سنگین نتائج پیدا کر سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ میں سفارتکاروں کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت نے اپریل 2025میں سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر معطل کیا، بھارت نے پیشگی اطلاع کے بغیر دریائے چناب میں پانی چھوڑا۔