• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گردوارہ حملے میں پاکستان کو ملوث کرنے کی بھارتی کوشش گمراہ کن ہے، دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ کابل میں گردوارے پر ہونے والے حملے میں پاکستان کو ملوث کرنے کی کوشش انتہائی گمراہ کن اور قابل مذمت ہے۔ 

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کابل میں گردوارہ پر دہشتگرد حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کے بھارتی الزامات مسترد کرتا ہے۔ 

ترجمان دفترِ خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا کی طرف سے سرکاری سرپرستی میں چلائی جانیوالی رپورٹس بے بنیاد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی بھارتی کوششیں انتہائی گمراہ کن اور قابل مذمت ہیں۔ 

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان گردوارہ حملے کی پہلے ہی شدید مذمت کرچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا میں یہ منظم رپورٹس پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش ہے، پاکستان کے خلاف بھارتی منظم مہم آشکار ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر مظالم سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کو اس حملے سے جوڑنے کی مذموم کوشش کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہے کہ بھارتی سازشیں دنیا کو گمراہ نہیں کرسکتیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مذہبی مقامات مقدس ہوتے ہیں اور ان کے تقدس کا احترام کیا جانا چاہیے۔

پاکستان نے مطالبہ کیا کہ کابل گردوارہ میں ہونے والے اس بہیمانہ جرم کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

 ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف ایک پرعزم جنگ لڑی ہے، پاکستان کو سرحد پار ریاستی دہشتگردی کا بھی سامنا رہا ہے۔

عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کا کوئی سیاسی، اخلاقی اور مذہبی جواز نہیں ہوتا۔

تازہ ترین